• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

وزیر اعظم کا قوم کو خوشخبری دینے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے قوم کو تین ہفتوں میں بہت بڑی خوش خبری دینے کا اعلان کردیا۔

عمران خان نے کہاکہ نیب بڑے بڑے لوگوں کو عبرت ناک سزائیں دے گا،چھوٹے بدعنوان خود بخود راہ راست پر آجائیں گے۔

سینئر صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نے بیٹوں کے نام بیرونِ ملک اربوں روپے اکٹھے کیے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر پچھلی حکومتوں نے اتفاق کیامگر کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں بہت پہلے ختم ہونی چاہیے تھیں، جنہیں ہم ختم کررہے ہیں، اب ہم کالعدم تنظیموں کے پیچھے لگ گئے ہیں، انہیں ختم کرکے رہیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پلواما واقعے میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں ہے، جیسے ہی جیش محمد کا نام لیا گیا تو سب کی انگلیاں پاکستان پر اٹھنے لگیں۔

متحدہ عرب امارات سے موخر ادائیگی پر پیٹرول ملنے کا امکان رد کرتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ پاکستان نے پیٹرول مانگا ضرور تھا پر یو اے ای نے پہلے روز ہی بتا دیا تھا کہ موخر ادائیگی پر پیٹرول کی فراہمی کا کوئی قانون ہی نہیں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی انتخابات تک سرحدوں پر خطرات منڈلاتے رہیں گے، الیکشن جیتنے کےلیے مودی سرکار کسی بھی وقت کچھ بھی کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ،حکومت اور قوم ہر چیلنج کے لیے تیار ہے، ہر جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دینگے۔

تازہ ترین
تازہ ترین