• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8پاکستانیوں سمیت 27 افراد کی تدفین، نیوزی لینڈ کے اخبارات کے پہلےصفحے ’سلام‘ لکھ کرشائع

ویلنگٹن(مانیٹرنگ سیل،آن لائن) کرائسٹ چرچ کی مساجد میں حملے کو ایک ہفتہ ہوگیا، 8 پاکستانیوں سمیت 27 افراد کی تدفین کر دی گئی، نویں شہید اریب کی میت پاکستانی لائی جائے گی،دوسری جانب سانحہ کرائسٹ چرچ پر عالم اسلام اور شہدا سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے مقامی اخبارات کے پہلے صفحے پر ’سلام‘ لکھ کر شائع کیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق کرائسٹ چرچ مساجد کے شہدا کی تدفین کا سلسلہ جاری ہے، لنوڈ کے میموریل پارک قبرستان میں پاکستانی شہری نعیم راشد سمیت دیگر افراد کی تدفین کی گئی، نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، نویں شہید اریب کی میت پاکستانی لائی جائے گی، نیوزی لینڈ کے شہری منفرد انداز میں مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔دوسری جانب سانحہ کرائسٹ چرچ پر عالم اسلام اور شہدا سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے مقامی اخبارات کے پہلے صفحے پر ’سلام‘ لکھ کر شائع کیا گیا۔نیوزی لینڈ کے اخبار ’دی پریس‘ کرائسٹ چرچ، جنوبی آئسلینڈ کے ’پریمیئر ڈیلی اخبار‘ اور دیگر ویب سائٹ نے اپنے پہلے صفحے پر عربی زبان میں ’سلام‘ لکھ کرشائع کیا جس کے ساتھ انگریزی ترجمہ بھی تحریر کیا ہے۔عربی میں ’سلام‘ لکھنے کے ساتھ ہی انگریزی میں اس کا ترجمہ ’امن‘ بیان کیا ہے۔ جب کہ دیگر اخبارات ’نیوزی لینڈ ہیرالڈ‘، ’دی ڈومینیئن پوسٹ‘ اور ’اوتاگو ڈیلی ٹائمز‘ نے بھی سانحہ کرائسٹ چرچ کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔نیوزی لینڈ ہیرالڈ اخبار نے اپنے پہلے صفحے پر مسجد کا خاکہ دل کے نقش سے بھر کر بنایا جس میں لکھا ’اذانُ جب کہ نیچے واضح کیا کہ ’اتحاد میں طاقت ہے‘۔ دی ڈومینیئن پوسٹ نے پہلے صفحے پر سانحہ کرائسٹ چرچ کے تمام شہداء کے نام تحریر کیے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا وقت واضح کرتے ہوئے لکھا کہ ہم آج یاد کرتے ہیں۔
تازہ ترین