• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پھر تاریخ گزر گئی لیکن بی آر ٹی کی بیل منڈھے نہ چڑھی ،ثمر بلور

پشاور ( نامہ نگار) عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما اور صوبائی رکن اسمبلی ثمرہارون بلور نے بی آر ٹی پر نئے یوٹرن پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پھر تاریخ گزر گئی لیکن بی آر ٹی کی بیل منڈھے نہ چڑھی ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے عوام سے افتتاح یا عدم تکمیل پر کارروائی کا جو عندیہ ظاہر کیا قوم اس کی منتظر ہے،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پشاور میں تقریباً ڈیڑھ سال سے تاخیر کا شکار بی آر ٹی منصوبہ عوام کے لئے درد سر کے ساتھ ساتھ متنازع منصوبے کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے،جبکہ اس حوالے سے کئی بار تاریخیں دی جاتی رہیں لیکن بسیں آج تک نہ چل سکیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ نے 23مارچ کو منصوبے کے سافٹ لانچ کا اعلان کیا تاہم منصوبے کی عدم تکمیل پر انہوں نے افسران کی سرزنش اور کارروائی کا جو عندیہ ظاہر کیا عوام کی نظریں اس پر لگی ہیں ،دیکھنا ہو گا کہ وزیر اعلیٰ اس حوالے سے قوم کو کیا پیغام دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یو ٹرن اور غلط بیانی سے بار بار عوام کو گمراہ کیا جاتا رہا جو دہشتگردی کے شکار اس صوبے کے عوام کی بے عزتی کے مترادف ہے، ثمر بلور نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی جانب سے بی آر ٹی منصوبے کے افتتاح کے لیے بار بار تاریخوں کا اعلان کرنا اب ایک تنازعے کی شکل اختیار کر گیا ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ وزیر اعلیٰ اس حوالے سے عوام کو حقیقت سے آگاہ کریں اور اپنے اعلان پر عملدرآمد کر کے واضح پیغام دیں۔انہوں نے کہا کہ در حقیقت یہ منصوبہ مفاد عامہ کی بجائے اپنی تجوریاں بھرنے کیلئے شروع کیا گیاتھا،اور کرتا دھرتا اب اس کی تکمیل کے حوالے سے کنفیوز ہیں۔
تازہ ترین