• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرائیور رقم والا بریف کیس لیکر بھاگ گیا، چوری و ڈکیتی کی ایک درجن وارداتیں

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) راولپنڈ ی، اسلام آباد کےمختلف علاقوں میں ڈکیتی، سرقہ بالجبر، نقب زنی،چوری اورخیانت مجرمانہ کی ایک درجن سےزائد وارداتوں میں لاکھوں روپے، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا کے علاوہ ایک گاڑی اور 4موٹرسائیکل اڑا لئے گئے۔ کروڑوں روپے مالیت کے چیک ڈس آنر ہو گئے۔تھانہ کھنہ کےعلاقے لہتراڑ روڈ پر اکل خان سے موبائل چھین لیاگیا۔تھانہ کراچی کمپنی کےعلاقے جی ایٹ مرکز تندوری ریسٹورنٹ پر پشاور کا رہائشی ڈاکٹرمشتاق اپنے ساتھ آنے والےرینٹ اے کار کے ڈرائیورعبداللہ کے ہاتھوں لٹ گیا، ڈرائیور پیسوں کے بریف کیس سمیت گاڑی بھگا کرلے گیا۔تھانہ بنی پولیس نے سنار کی دکان پرجعلسازی سے سونے کی چوڑیاں بنا کر فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے ملازم زاہد کو پکڑ لیا۔تھانہ نیوٹاون کے علاقے میں مسلح موٹرسائیکل سوار نے قاسم سے پرس چھین لیا، جس میں دس ہزار روپے اور دیگر اشیاء تھیں۔تھانہ مورگاہ کے علاقے سے راشد وغیرہ نے عمر افضل کا پانچ ٹن سریا چوری کرلیا۔تھانہ چونترہ کے علاقے میں اشفاق کی گائے ، بچھڑا، بکری سرفراز وغیرہ نے چوری کرلیے۔تھانہ کہوٹہ کے علاقے میں نیئر وحید کے ملازم رب نواز نے 140مرغیاں چوری کرلیں۔تھانہ صدربیرونی پولیس کو سب انسپکٹر مختار احمد نےرپورٹ درج کرائی کہ ایاز نے پلاٹ کے نام پر 6 لاکھ روپے خورد برد کر لیے۔
تازہ ترین