• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید بھٹو کی جدوجہد آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے ،مقررین

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جاوید بھٹو ایک جہد مسلسل تھے ، جنہوں نے آخری دم تک اپنی جدوجہد جاری رکھی ، ان کی جدوجہد آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے ، ان خیالات کا اظہار سابق سیکرٹری خزانہ دوستین جمالدینی ، جہاں آراء تبسم ، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار اور ریاض رئیسانی نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں گہوارہ فن کے زیر اہتمام مرحوم جاوید بھٹو کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، دوستین جمالدینی نے کہا کہ بلوچستان میں جاوید بھٹو کو جاننے والے شاید کم ہوں گے مگر ان کی خدمات سے انکار ممکن نہیں ، مرحوم نے بلغاریہ سے گریجویشن کرنے کے بعدبلوچستان میں علم کے فروغ کیلئے اپنی خدمات جاری رکھیں، جاویدبھٹو نے اپنی صلاحیتوں کی بدولت بہت جلد سندھ کے تعلیم یافتہ طبقوں میں اپنا نام پیدا کیا وہ ایک اچھے استاد تھے اور مختلف موضوعات پر بولنے کی مہارت رکھتے تھے ، ان کو فلسفہ پر غیر معمولی عبور حاصل تھا وہ غریب اور نظر انداز طبقے کے دوست ہوتے ہوئے ان کے دکھ درد میں شریک ہوتے تھے ، انہوں نے کہا کہ جاوید بھٹو کے وسیع مطالعہ نے ان کے بولنے کی مہارت کو مزید فروغ دیا ، جہاں آراء تبسم نے مرحوم جاوید بھٹو کی شعبہ تعلیم و ادب کیلئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے کو مرحوم جاوید بھٹو جیسے کہنہ مشق اساتذہ اور علم دوست افراد کی ضرورت ہے ، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ جاوید بھٹو نے شعبہ صحافت سے منسلک رہتے ہوئے مظلوم عوام کی بھرپور داد رسی کرکے قلم کی حرمت کو برقرار رکھا ، مرحوم آزادی صحافت پریقین رکھنے والے صحافی تھے ، انہوں نے سندھ اور بلوچستان میں تعلیمیافتہ معاشرے کی تشکیل کیلئے بھرپور جدوجہد کی،اس موقع پر ریاض رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا رہا ہے۔
تازہ ترین