• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کی فضاؤں سے پاک فضائیہ کے سربراہ کی ایف 16 پر سلامی

اسلام آباد کی فضاؤں میں لڑاکا طیاروں کی گھن گرج میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور کی ایف 16 پرسلامی دی۔

فضاؤں کو چیرتے طیاروں نے دشمن کے دلوں پر ہیبت طاری کر دی،پاک فضائیہ کے شیر دل دستوں کی شاندار فارمیشن نے دل گرما دیئے۔

جے ایف سیونٹین تھنڈر، جدید ہیلی کاپٹرز اور طیاروں نے شاندار ایروبیٹکس مظاہرے پیش کئے، فری فال کے دلکش مظاہرے نے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کر دیا۔

ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت جدید ترین میزائلوں غوری، نصر، شاہین، میدان جنگ کے مضبوط ہتھیار الخالد اور الضرار ٹینکوں، توپخانے، ریڈار سسٹم سمیت دیگر فوجی ساز و سامان کی نمائش کی گئی۔

یوم پاکستان کی پریڈ پرپاک فضائیہ کےسربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے ایف سولہ طیارے پرسلامی دی اورکاک پٹ سے قوم کے نام پیغام دیا۔

پریڈ گراؤنڈ ایونیو میں پاکستان کی شان، ایئرفورس کی جان، جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے شاندار مینورز دکھا کر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

پریڈ کےآغاز پرتینوں مسلح افواج کے علمبردار دستے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرے جس کے بعد بری، بحری اور فضائی افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔

فرنٹیئر کور کے چاک و چوبند دستے اور پاکستان رینجرز کے دستے نے بھی خوبصورت انداز میں مہمانوں کو سلامی پیش کی۔

قوم کی محافظ بیٹیوں نے اللہ ہو کے نعروں کی گونج میں مارچ پاسٹ کیا، ایمان، اتحاد اورتنظیم کا نصب العین لیے بوائز اسکاؤٹ اور گرلز اسکاؤٹ کے دستے بھی سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرے۔

سینہ تانے ’’اللہ ہو‘‘ کا نعرہ لگاتے ایس ایس جی کے جوان پریڈ گراؤنڈ میں پہنچے تو حاضرین نے تالیاں بجا کر انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان کی مسلح افواج کے دستوں کے بعد آذربائیجان کی مسلح افواج کا دستہ سلامی کے چبوترے سے سامنے سے گزرا تو حاضرین نے کھڑے ہو کر استقبال کیا۔

آذر بائیجان کے بعد سعودی افواج کا دستہ قومی پرچم تھامے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرا۔

پیادہ افواج کے بعد مشینی دستوں نے سلامی پیش کی جس کا آغاز قوم کی شان الخالد ٹینکوں نے کیا، الضرار ٹینک، ٹی اے ٹی یوڈی ٹینکوں نے بھی مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔

مختلف اقسام کے آرمڈ پرسنل کیریئرز نے مارچ پاسٹ کیا جو اینٹی ٹینک ہتھیاروں سے لیس ہیں، دشمن کی بارودی سرنگوں کی تباہ کرنےوالی اے پی سیز، یس کلومیٹرتک اپنے ہدف کونشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والی توپوں کے دستے اور دشمن کی راکٹس کا پتہ لگانے والے ریڈار سسٹم نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔

دشمن کے 71 جنگی جہازوں کو تباہ کرنےوالی پاکستان آرمی ایئر ڈیفنس ریجمنٹ میں شامل جدید راڈار اور اولیکن گنز سے لیس دستے نے بھی پریڈ گراؤنڈ میں مارچ میں حصہ لیا۔

کور آف انجینئرز کے دستے میں دورانِ جنگ اپنی سپاہ کے لیے خود کار پل اور خود کار ٹریک بھی پیش کیے گئے۔

کور آف سگنلز کے مختلف راڈار سسٹمز کے بعد براق اور شاہ پر ڈرونز سے لیس دستے نے صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، مہمان خصوصی ملائشیاء کے وزیر اعظم مہاتیر محمد اور دیگر مہمانوں کو سلامی دی۔

70 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والا نصر میزائل سسٹم اور 450کلو میٹر تک بابر کروز میزائل بھی یوم پاکستان پریڈ کی زینت بنا۔

ایٹمی ہتھیاروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھنے والا میزائل سسٹم بابر اور 13سو کلو میٹر تک نشانہ بنانے والا غوری اور شاہین تھری بھی دشمن پر دھاک بٹھانے کے لیے پریڈ گراؤنڈ میں پیش کیا گیا۔

تازہ ترین