• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی رضا سید نے ٹیچر کی شہادت کا معاملہ ایم ای پیز کے سامنے اٹھادیا

برسلز (حافظ اُنیب راشد)چیئرمین کشمیرکونسل یورپ (ای یو) علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت شہادتوں کے مسائل خصوصاً اس ہفتے ایک نوجوان ٹیچر کی پولیس کی حراست کے دوران شہادت کو یورپی پارلیمنٹرینز کے سامنے پیش کیا۔واضح رہے کہ پلوامہ کے علاقے اوانتی پورا کےرہائشی نوجوان ٹیچر رضوان اسد کو پولیس کے حراستی مرکز میں تشدد کا نشانہ بنا کر ماورائے عدالت قتل کردیا گیا۔اس حادثے کے بعد چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے یورپی پارلیمنٹ کا دورہ کرکے اس مسئلے کو یورپی پارلیمنٹ کے اراکین (ایم ای پیز) کے سامنے اٹھایا۔کشمیرکونسل یورپ (ای یو ) کے چیئرمین علی رضاسید نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی نام ونہاد جمہوریت کے جھانسے میں نہ آئے بلکہ نئی دہلی کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے۔ بھارت کے حکام مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے دنیاکی توجہ ہٹاناچاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ۔خاص طورپر نریندرمودی کی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں ظالمانہ پالیسیاں اختیارکی ہوئی ہے۔ یہ انتہاپسندحکومت مقبوضہ وادی کی موجودہ صورتحال کی براہ راست ذمہ دارہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل یورپ ( ای یو)علی رضاسید نے کہاکہ یورپ کو جاننا چاہیے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں مظلوم لوگوں کے بہیمانہ قتل وغارت میں ملوث ہے اور خاص طور پر ماورائے عدالت گرفتاریوں اور قتل عام میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہاہے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگ اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ بھارتی حکومت کارویہ دنیامیں قائم انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ بھارت خاص طورپر انسانی حقوق کے ان بنیادی اصولوں کی خلاف وزری کررہاہے جن کو یورپ اوردیگر مہذب دنیا میں زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔یورپی پارلیمنٹرینز سے ملاقاتوں کے بعد علی رضاسیدنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ہم مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام اوربھارت کے اندررہنے والے تمام مظلوم طبقات سے یکجہتی کااظہارکرتے ہیں۔ ہم بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔
تازہ ترین