• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکے اسلامک مشن شعبہ خواتین کی خواتین کیلئے کافی مارننگ

راچڈیل (ہارون مرزا) خوب صورت ہاؤس میں یو کے اسلامک مشن شعبہ خواتین کی مسز کلثوم دین، مسز شاہینہ خالد اور مسز سعدیہ چراغ نے راچڈیلین کمیونیٹیز کی خواتین کو کافی مارننگ پر مدعو کر کے خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا منفرد اور خوب صورت طریقہ اپنا کر تمام راچڈیلین کمیونیٹیز کی خواتین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ کافی مارننگ پر آئی ہوئی خواتین نے یو کے آئی ایم کی ان خواتین کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ہی ٹاؤن و محلے میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کو نہیں جانتے اور نہ ہی آپس میں کبھی بات کرنے کا موقع ملتا ہے آج ہم کو کافی مارننگ کی بدولت آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھنے اور گھریلو و دنیاوی مصروفیات و مشکلات پر بات کرنے کا جو موقع ملا ہے یقیناً اس کا سارا کریڈٹ یو کے آئی ایم کی خواتین کو جاتا ہے، جنہوں نے نہ صرف ہمیں دعوت دی بلکہ ہم سب کو گھروں سے نکال کر (خوبصورت ہاؤس) میں لے کر بھی آئیں۔ مسز سعدیہ چراغ کا کہنا تھا کہ ہم ہر ماہ میں تمام کمیونیٹیز کی عورتوں،جن میں نوجوان بچیاں بھی ہوں گی ان سب کو اسی طرح ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اس سے خواتین و نوجوان بچیوں کے درمیان مزید روابط میں اضافہ اور تقویت ملے گی۔ مسز کلثوم دین و مسز شاہینہ خالد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام سے جو خواتین بولنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں یا پھر ایک دوسرے کو ملنے کی خواہش کے باوجود مل نہیں پاتیں ان کو اس پلیٹ فارم کے ذریعے آپس میں ملا کر ان دوریوں کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ نیز اپنے بارے میں خصوصاً غیر مسلمز خواتین کو یہ بتانا مقصود ہے کہ ہم اور ہمارا مذہب اسلام ہمیں ملنساری، پیار و محبت، بھائی چارگی، اخلاص و اخلاق کا درس دیتا ہے۔ ہم نفرتوں کو مٹانے اور آپس کی دوریوں کو ختم کرنے والے لوگ ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ کافی مارننگ تمام کمیونیٹیز کی خواتین کے اندر پیار و محبت کی فضا کو قائم کرنے اور اس دائرہ کار کو بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ کافی مارننگ میں راچڈیلین کمیونیٹیز کی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور یو کے آئی ایم کی خواتین کا کافی مارننگ پر مدعو کرنے اور مسکراہٹیں بکھیرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ بھی ادا کیا۔
تازہ ترین