• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی دہلی، نیویارک، نیوزی لینڈ اور ابوظبی میں یوم پاکستان کی تقریبات

ابوظبی (صباح نیوز، جنگ نیوز) نئی د ہلی، نیویارک، نیوزی لینڈ، ابوظبی اور کولمبو میں میں یوم پاکستان کی شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی اور صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھے گئے، تقریب میں سفارتکاروں اور ہم شخصیات نے شرکت کی۔ گذشتہ روزنئی د ہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب ہوئی، شرکا نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب ہوئی جس میں ملیحہ لودھی سمیت دیگر سفارتی اہلکار شریک ہوئے، اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ ابوظہبی میں پاکستانی کمیونٹی نے یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کےسبب نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں یوم پاکستان کی تقریب سادگی سے منائی گئی، سادہ لیکن پروقار تقریب میں صدرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، مختلف ملکوں کے سفارتکاروں اوراہم شخصیات نے شرکت کی۔نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ نے نہ صرف نیوزی لینڈ بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، بھرپور تعاون پر نیوزی لینڈ حکومت اور مقامی کمیونٹی کے شکرگزارہیں۔ ابوظہبی میں بھی یوم پاکستان قومی جوش و جذبہ کیساتھ منایا گیا۔ جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شر کت کی ۔ اس سلسلے میں پاکستان کے سفارت خانہ ابوظہبی اور پاکستان قونصل خانہ دبئی میں دو علیحدہ علیحدہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ سفارت خانہ ابوظہبی کی تقریب کے آغاز میں پاکستان کے سفیر معظم احمد خان نے پرچم کشائی کی جس کے بعد قومی ترانا پیش کیا گیا۔ نیویارک میں یوم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان امن وسلامتی ،بین الاقوامی تعاون کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان نئی اور پراعتماد قیادت کے ساتھ ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن وسلامتی ، بین الاقوامی تعاون کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ تقریب میں اقوام متحدہ کے اعلی عہدیداروں، سفرا ء اور مندوبین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹرملیحہ لودھی نے یوم پاکستان کا کیک کاٹا۔ دریں اثناء فرانس میں بھی یوم پاکستان کے سلسلے میں ایک سادہ پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کو ایک خوشحال اور مضبوط ملک بنانے کا عہد کیا گیا۔ پرچم کشائی کی اس پروقار تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، سفارت خانہ کے افسران و ان کے اہلخانہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔سفیر پاکستان معین الحق نے خطاب کیا۔
تازہ ترین