• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کی سیٹوں سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کو سندھ کی فکر نہیں ہوتی، مصطفیٰ کمال

حیدرآباد(بیورورپورٹ) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہاہے کہ پنجاب کی سٹیوں سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کو سندھ کی فکر نہیں ہوتی، ہمیں امید تھی آپ وزیر اعظم بننے کے بعد سندھ کے مسائل پر توجہ دینگے لیکن آپ نے سندھ حکومت سے بات چیت ہی بند کردی ہے، پنجاب کی طرح دیگر صوبوں کی سیٹیں بھی بڑھائی جائیں، ضلعی سطح پر اختیار ا ت کے بغیر 18ویں ترمیم منظور نہیں، ملک کو دوچیلنجز درپیش ہیں ایک سرحدوں پر اوردوسرا معیشت کا، سرحدوں پر پاک فوج نے محدودوسائل میں ملک کا وفاع ناقابل تسخیر بنادیا ہے جس پر فوج کو سلا م ہے، معاشی فیصلوں میں تاخیر ہونے سے ڈالر118سے 141کا ہوگیا ہے گزشتہ 8ماہ میں ملکی قرضہ ہزاروں ارب روپے بڑھ گیا، موجودہ حکومت 8ماہ میں کچھ نہیں کرسکی ہے ۔وہ حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد کے مصطفی گراؤنڈمیں تیسرے یوم تاسیس کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطا ب کررہے تھے۔مصطفی کمال نے مزید کہاکہ مودی کو الیکشن کی آڑ میں جنگ کا شوق پڑ اتھالیکن پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دشمن کو منہ کی کھانی پڑی۔انہوںنے کہاکہ ہمار ا دوسرا مسئلہ معیشت کا ہے،پاک فوج اپنی جان تو دے سکتی ہے لیکن اپنی بندوق میں گولی کیلئے پیسہ چاہیے، موجودہ حکومت معیشت کی بہتری کے کوئی اقدام نہیں کرسکی ہے۔ انہوںنے 8ماہ میں گیس کی قیمتوں میں 140 فیصد اضافہ ہوگیا ہے ‘بجلی مہنگی ہوگئی ہے ‘دال‘چاول اوردیگر اشیاءکی قیمتیں بڑھنے سے ایک غریب کا گھر 10ہزار میں چلتا تھا اوروہ 21ہزار میں چلے گا۔ انہوںنے کہاکہ عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق آئندہ چند ماہ میں 400انڈسٹریز بند ہوجائیں گی ‘60ہزار افراد بے روزگار ہوجائیں گے آپ نے تو وعدہ کیاتھاکہ کروڑوں نوکریاں دوں گا لیکن آپ کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک بد حال ہوگیا ہے معیشت تباہی کے دہانے پر ہے ‘مزدور مررہاہے۔ انہوںنے کہا کہ آپ کے منتخب ہونے کے بعد میں یہ سمجھ بیٹھا تھاکہ میرے سندھ کے لوگوں کا مسئلہ بھی حل ہوگا لیکن آپ نے تو صوبائی حکومت سے لڑائی کرلی ‘آپ با ت نہیں کرتے ‘گورنر اپنی میٹنگ میں صوبائی حکومت کو نہیں بلاتے اور صوبائی حکومت گورنر کو نہیں بلاتی ہے تو سندھ کا مسئلہ کیسے حل ہوگا۔
تازہ ترین