• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم پرست پختونخوا جمہوری اتحاد کو وسعت دینے کا فیصلہ

پشاور(سید سبز علی شاہ، نمائندہ خصوصی) پختونوں کے حقوق کے حصول نئے عمران معاہدے، تاریخی ثقافتی و لسانی بنیادوں پر صوبوں کی ازسرنو تشکیل صوبے کے وسائل پر صوبے کے اختیار، غربت و بے روزگاری کے خاتمے اور پختونوں سے ہونے والی ناانصافیوں کا راستہ روکنے کے لئے مشترکہ جدوجہد کی غرض سے پانچ قوم پرست جماعتوں کی طرف سے پختونخوا جمہوری اتحاد بنانے کے بعد اسے مزید وسعت دینے کے لئے پختون تحفظ کے سربراہ منظور پشتین، اے این پی کے سربراہ اسفندر یار ولی خان، پختونخوا ملی عوامی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور پختون تھنک ٹینک کے سربراہ سید اختر علی شاہ ایڈوکیٹ کے علاوہ دوسری قوم پرست تحریکوں کے سربراہوں، دانشوروں، شعرا اور وکلا سے رابطوں کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پختون جمہوری اتحاد کی نیشنل کمیٹی پندرہ ارکان پر مشتمل ہو گی جس میں ہر جماعت کے تین تین نمائندے شامل ہوں گے۔ قومی وطن پارٹی کی طرف سے پختونخوا جمہوری اتحاد کی نیشنل ورکنگ کمیٹی کیلئے سکندر حیات خان شیرپائو، اسد آفریدی ایڈوکیٹ اور جمیل مرغز جبکہ مزدور کسان پارٹی کی طرف سے پختونخوا جمہوری اتحاد کی نیشنل ورکنگ کمیٹی کے لئے افضل شاہ خاموش گل حیدر اور شکیل وحید اللہ خان نامزد کر دیئے گئے ۔ پختونخوا جمہوری اتحاد کو وسعت دینے کے سلسلے میں جب جنگ کی طرف سے پختونخوا جمہوری کے مرکزی کنوینر و سابق صوبائی سینئر وزیر سکندر حیات خان شیرپائو سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ قومی حقوق کے حصول کے لئے اور مشترکہ جدوجہد کے لئے پختونوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے اگر پختون متحد ہو گئے تو کوئی بھی پختونوں کے حقوق غصب کرنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔ پختونوں میںاتحاد کا جذبہ بڑھتا جا رہا ہے جبکہ طلبا و نوجوانوں نے بھی دوسروں کے مفادات کے لئے آلہ کار بننے کی بجائے قومی حقوق کے حصول کے لئے پختونخوا جمہوری اتحاد کا ساتھ دینے کافیصلہ کر لیا ہے انشا اللہ2019کا سال پختونوں کے عظیم تر اتحاد کا سال ہو گا۔
تازہ ترین