• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کی بلاول،مریم اور فضل الرحمٰن پر تنقید

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سیاسی مخالفین پر طنز کے تیر برسادیے،پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن کو ہدف تنقید بنایا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کا ’ابو‘ کے پیسوں پر سیاست کرنا مناسب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ابھی ’ ابو بچاو‘ مہم چلا رہے ہیں،بعد میں انہیں ’ابو نکالو‘ مہم چلانی پڑے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی قومی احتساب بیورو (نیب) خلاف سیاسی مہم جوئی کا جواز ہی نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بلاول کو نہیں پتا کہ خورشید شاہ کتنے بڑے دہشت گردوں کے ساتھ ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ فضل الرحمٰ کا ملکی معیشت کا دکھ دراصل پارلیمنٹ سے باہر ہونے کا دکھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں انہیں بتادوں کہ خطرے میں اسلام نہیں ان کا اسلام آباد آنا ہے،مولانا فضل الرحمٰن کے بغیر پارلیمنٹ میں برکت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو دنیا میں مسلم امہ کے رہنما کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

لاپتہ ہندو لڑکیوں سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ ہندو لڑکیوں کو سندھ سے پہلے رحیم یار خان منتقل کیا گیا، پھر وہاں سے گوجرانوالا لے جایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لڑکیوں کو جلد بازیاب کرایا جائے گا اور ذمے داران کو گرفتار کیا جائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی پرچم کے دو رنگ ہیں، پرچم کی حرمت محفوظ رکھنی ہے، ہمیں اپنے جھنڈے کا ہر رنگ عزیز ہے۔

تازہ ترین