• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا میچ:پاکستان کا آسٹریلیا کو285 رنز کا ہدف

پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں محمد رضوان کی شاندار سنچری اور کپتان شعیب ملک کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت آسٹریلوی ٹیم کو 285 رنز کا ہدف دے دیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پاکستان ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں7وکٹ پر 284 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو285 رنز کا ہدف دیا۔

گرین کیپ نے آج کے میچ میں فاسٹ بولر محمد عامر کی جگہ پی ایس ایل فور کے فائنل میں عمدہ پرفارمنس دینے والے محمد حسنین کو ٹیم میں جگہ دیی ہے،وہ آج اپنا پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ کھیل رہے ہیں۔

پاکستان کی طرف سے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز اوپن کی،امام الحق بغیر کوئی رنز بنائے پہلے ہی اوور میں بولڈ ہوگئے،ان کی وکٹ جے رچرڈ سن کے حصے میں آئی۔

گرین شرٹس کی دوسری وکٹ ساتویں اوور کی پہلی گیند پر35 کے اسکور پر شان مسعود کی گری،وہ 19رنز بناکر رچرڈسن کا دوسرا شکار بن گئے۔

تیسری وکٹ محمد رضوان نے گزشتہ میچ کے سنچری میکر حارث سہیل کے ساتھ مل کر اسکور میں52 رنز کا اضافہ کیا،87 کے اسکور پر حارث سہیل 34 رنز بناکر آوٹ ہوگئے،ان کی وکٹ فنچ کے حصے میں آئی۔

چوتھے آوٹ ہونے والے بیٹسمین عمر اکمل تھے،جو 16رنز بناکر نیتھن لائن کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے،112رنز پر اتبدائی 4 اہم وکٹ گر جانے کے بعد کپتان شعیب ملک نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر 127 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور239 رنز تک پہنچا دیا۔

محمد رضوان اور شعیب ملک نے اس شراکت کےد وران بالترتیب اپنی سنچری اور نصف سنچری مکمل کی،239 کے اسکور کپتان 60 رنز کی اننگز کھیل کر زمپا کا شکار بن گئے،انہوں نے اس دوران 1 چھکا اور 3 چوکے لگائے۔

پاکستان کے چھٹے آوٹ ہونے والے بیٹسمین سنچری میکر محمد رضوان تھے،جو 115رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نیتھن کولٹر نائل کی گیند پر بائونڈری پر کیچ آوٹ ہوگئے۔

گرین شرٹس کی ساتویں وکٹ فہیم اشرف کی گری،وہ 14 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے،انہیں کولٹر نائل نے میدان بدر کیا،یہ میچ میں آسٹریلوی بولر کی دوسری وکٹ تھی۔

پاکستان کے عماد وسیم 19 اور یاسر شاہ 1 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، آسٹریلیا کے رچرڈسن اور کولٹرنائل نے 2،2 جبکہ لائن،زمپا اور فنچ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

گزشتہ میچ میں پاکستان کے حارث سہیل نے سنچری بنائی تھی، گرین کیپ نے آسٹریلیا کو 281 رنز کا ہدف دیا تھا جو مہمان ٹیم نے 49 اووز میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا اور 5 میچوں کی سیریز میں 1،0 کی برتری اپنے نام کرلی تھی۔

تازہ ترین