• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات،رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کٹھ پتلی حکومت کے گوئبلز ہیں۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ایک بیان میں پی پی رہنما نیئر بخاری اور ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ قوم کو پتا ہے کہ پی ٹی آٹی اور ٹی ٹی پی ایک سکے کے دور رخ ہیں۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری کٹھ پتلی حکومت کے گوئبلز ہیں جو جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔

پی پی سیکریٹری اطلاعات نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کو بچانا چاہتے ہیں، جس کو کالعدم تنظیموں سے خطرہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جب کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی بات کرتے ہیں تو عمران خان کو تکلیف ہوتی ہے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی پی قیادت جب نیشنل ایکشن پلان (نیپ) پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کرتی ہے تو اسے انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

پی پی رہنما نے فواد چوہدری سے استفسار کیا کہ وہ کون تھا جو کاز لسٹ لے کر پیشی پر آنے والوں سے پیسے بٹورتا تھا؟ چچا جج کی آڑ میں مال کمانا کرپشن نہیں تو اور کیا ہے؟

سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر بخاری نے ایک بیان میں کہا حکومتیں بغض اور عناد سے نہیں چلتیں، بلاول بھٹو محفوظ اور مستحکم پاکستان کے علمبردار ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی کابینہ میں دہشت گردوں کے ہمدرد وزرا کی موجودگی طالبان کے سیاسی ونگ کی نشاندہی اور گواہی ہے۔

نیئر بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو کا بیانیہ ذوالفقار علی بھٹو کا آئینی، جمہوری، قومی اور عوامی بیانیہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی متفقہ دستاویز نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے مطالبہ پر ناراضی سوالیہ نشان ہے۔

تازہ ترین