• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: یوم پاکستان کی تقریب، سائرہ پیٹر نے ملی نغمے پیش کیے

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ملک کی پہلی اوپرا سنگر سائرہ پیٹر نے یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ محفل میں ملی اور قومی نغمے گاکر حب الوطنی کے رنگ بکھیر دیے۔


ہائی کمشنر نفیس زکریا نے سائرہ پیٹر کے ساتھ مل کر پاکستان کا کیک کاٹا ۔جب سائرہ نے جمیل الدین عالی کا لکھا ہوا مشہور ملی نغمہ، ہم سب ایک سہارا یہ پاکستان ہمارا، گایا تو فضا پاکستان زندہ کے نعروں سے گونج اٹھی ۔

اس کے بعدا نھوں نے اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ۔پیش کیا تو جذبہ حب الوطنی سے کئی آنکھیں اشکبار ہوگئیں ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سائرہ نے کہا کہ قومی نغموں نے ہمیشہ ہماری سماعتوں کو سکون بخشا۔

یہ نغمے جب بھی گائے جاتے ہیں تو ہمارے دلوں میں ایک ولولہ پیدا کرتے ہیں اور روح میں تازگی بھر جاتی ہے ۔ہمارے ملی گیت ادب کی کلاسیکی روایت سے ہم آہنگ ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے سب سے مقبول قومی گیت ،سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے، پیش کیا۔

ہائی کمشنر پاکستان نفیس زکریا نے سائرہ پیٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شعراء، گلوکاروں اور موسیقاروں نے اپنے ملی نغموں کے ذریعے حب الوطنی کی خوشبو کو عام کیا۔

پاکستانی کسی بھی ملک میں بستے ہوں ۔وہ پاکستان کو ٹوٹ کر پیار کرتے ہیں۔

سائرہ کی آواز پاکستانیوں کے دل کی آواز ہے۔اس طرح روح کو گرمانے والی محفل اختتام پذیر ہوئی۔

تازہ ترین