• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کیلئے پاکستان درست اقدام کررہا ہے، برطانوی ارکان پارلیمنٹ

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ کے معروف پارلیمنٹیرینز کے ایک گروپ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کی زبردست صلاحیت موجود ہے اور موجودہ رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک صحیح سمت میں جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ، فیصل رشید اور سابق کیبنٹ منسٹر بیرونس سعیدہ وارثی نے اسلام آباد میں معروف برٹش پاکستانی تاجر جواد سہراب ملک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے حکومت پاکستان کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کیلئے اعلان کردہ اقدامات کی تعریف کی، جواد سہراب ملک نے پاکستان کے دورے پر جانے والے ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ پاکستان آبادی کے اعتبار سے دنیا کا چھٹا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے اور یہاں کی آبادی کی اکثریت نوجوان ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگلے 30 سال کے دوران جبکہ یورپ میں عمر رسیدگی میں اضافہ ہوگا پاکستان میں موجودہ متوسط عمر 24 سال سے بڑھ کر33 سال ہوجائے گی۔ آبادی کی عمر کے اس سٹرکچر میں تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ انھوں نے ارکان پارلیمنٹ کوبتایا کہ پاکستان میں شہروں میں اضافے کی شرح 3 فیصد سے زیادہ ہے، اس طرح پورے جنوبی ایشیا میں پاکستان میں سب سے زیادہ تیزی کے ساتھ شہروں کے پھیلائو میں اضافہ ہو رہا ہے اور 2025 تک پاکستان کی 50 فیصدآبادی شہروں میں قیام پذیر ہوگی۔ پاکستان میں متوسط طبقہ ابھر رہا ہے اور کنزیومر اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رواں مالی کی پہلی ششماہی کے دوران برطانیہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا دوسرا بڑا ملک بن کر ابھرا ہے اور یہ پاکستان سے اشیا درآمد کرنے والا 15 واں سب سے بڑا ملک ہے، اس طرح پاک برطانیہ تجارت کا حجم 4 بلین پونڈ سالانہ ہوگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت تجارتی قواعد کو آسان بنا کر اور پراپرٹی رائٹس کے تحفظ کے ذریعہ آسان تجارت کے اعتبار سے اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ برطانیہ کے ایکسپورٹ فنانس نے پاکستان کی سپورٹ دگنی کر کے 400 ملین کے مساوی کردی ہے۔ انھوں نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ برطانوی کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں کو اپنے سپلائی چین میں شامل کر کے پاکستان میں تیار کردہ ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات اور کھیلوں کے سامان سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والوں میں پاکستان کے بارے میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے اور بیرون ملک رہنے والے پاکستانی پاکستان میں حقیقی معنوں میں تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کیلئے گورننس کے ہر شعبے میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ٹوئٹ کیا کہ ہمیشہ کی طرح برٹش پاکستانی تاجر سے مل کر خوشی ہوئی، میرے دورہ پاکستان کے دوران جواد سہراب نے پاکستان میں سرمایہ کاری اوربرطانیہ اور پاکستانی معیشت میں اپنے کردار کے حوالے سے غیر ملکی تاجروں کے جوش و جذبے کے بارے میں کافی باتیں معلوم کیں، فیصل رشید نے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ کا مستقبل مشترک ہے، مجھے پاکستانی تاجر جواد سہراب سے مل کر خوشی ہوئی، ہمیں تجارت میں شریک ہو کر ایسے مواقع تلاش کرنے چاہئیں، جن سے دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچ سکے۔ کیبنٹ کی سابق منسٹر سعیدہ وارثی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انھیں گورننس کا سسٹم کس طرح کام کرتا ہے، کے بارے میں بریفنگ کیلئے کابینہ کے اجلاس میں شریک ہونے کی دعوت دی تھی۔ انھوں نے کہا کہ بہت سے پاکستانی تاجر پاکستان میں کام کر رہے ہیں، کیونکہ وہ اپنے آبائی وطن سے محبت کرتے ہیں، جواد سہراب جیسے لوگ پاکستان اوربرطانیہ کیلئے ایک اثاثہ ہیں۔

تازہ ترین