• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز میں اسلامو فوبیا اور نسل پرستی کے خلاف بڑا مظاہرہ

برسلز (حافظ اُنیب راشد) یورپین دارالحکومت برسلز میں اتوار کے روز اسلاموفوبیا اور نسل پرستی کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ جس میںاین جی اوز، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ یہ مظاہرہ نسل پرستی اور امتیاز کے خاتمے کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے کیا گیا تھا جس میں باحجاب خواتین سمیت مسلمانوں کی مختلف تنظیموں نے اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کو موضوع بنا کر شرکت کی۔ مظاہرین نے جو بینر اٹھا رکھے تھے ان پر One race- Human race. " کوئی مذہب برا نہیں" اور تمام انسان برابر ہیں جیسے کئی پیغامات درج تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مارچ میں شریک سینٹ جونز کمیون کے ترک نژاد مئیر امیر کیر، سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے برسلز پارلیمنٹ کیلئے پاکستانی نژاد امیدوار عامر نعیم، کشمیر کونسل ای یو کے چئیر مین علی رضا سید اور مس عندلیب عباس نے کہا کہ پاپولسٹ سیاست کرنے والے سیاستدانوں کے باعث یورپ میں اسلامو فوبیا اور اسی سے جڑی ہوئی نسل پرستی ایک حقیقت ہے۔ خطرہ ہے کہ نیوزی لینڈ جیسے واقعات یہاں بھی نہ ہوں۔ اس لئے ضروری ہے کہ انسانوں کو تقسیم نہ ہونے دیا جائےاور نسل پرستی جیسے مسائیل سے نمٹنے کے لئے مسلسل آواز بلند کی جاتی رہے۔ یہ مظاہرہ نارڈ سٹیشن سے شروع ہوا اور سینٹرل سٹیشن کے پاس سے ہوتا ہوا شہر کے مارولین ایریا میں اختتام پذیر ہو گیا۔

تازہ ترین