• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لبریشن فرنٹ پر پابندی آپریشن آل آئوٹ کا حصہ ہے، نجیب افسر

برمنگھم( ابرار مغل )جموں کشمیر لبریشن کونسل کے چیف کو آرڈینیٹر نجیب افسر اور سیکرٹری جنرل انعام الحق نے لبریشن کونسل کی جانب سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ پر پابندی اور یاسین ملک سمیت سیکڑوں سیاسی کارکنوں کی کی گرفتاریوں کی بھرپور مذمت کی ۔ چیف کو آرڈینیٹر نجیب افسر نے اپنے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی کے بعد اب لبریشن فرنٹ پر پابندی مودی حکومت کے ’آپریشن آل آئوٹ‘ کا حصہ ہے جس میں بھارتی نام نہاد جمہوریہ کشمیریوں سے ان کا سانس لینے تک کا حق چھین لینا چاہتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دہشت گردی کے ساتھ نتھی کر کے اگلے مرحلے میں حریت اور مشترکہ مزاحمتی کیمپ کی قیادت پر پابندیاں لگا کر اپنی دہشت گرد افواج کے ذریعے آزادی کا نام لینے والوں کا قتل عام کرنے اور فلسطین کے طرز پر ایک بڑی آبادی کو سیز فائر لائن کے اس طرف دھکیلنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ یہ ایک انتہائی خطرناک اقدام ہو گا جس کی پیش بندی ضروری ہے۔ کونسل کے سیکرٹری جنرل انعام الحق نے کہا اپنے بیان میں کہا کہ بھارت اسرائیل کی طرز پر کشمیریوں کو ہر طرح کے بنیادی انسانی و سیاسی حقوق سے محروم کر کے ان کی آواز ہمیشہ کیلئے دبانا چاہتا ہے جب کہ دوسری طرف بین الاقوامی دنیا اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کمیشن کی رپورٹوں کے باوجود اپنے مالی مفادات کیلئے آنکھیں بند کئے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہا اس سے قبل کہ بہت دیر ہوجائے، پاکستان بھارت کے ان خطرناک ارادوں کا ادراک کرتے ہوئے اسے ان سے باز رکھنے کیلئے فی الفور بین الاقوامی برادری اور اداروں سے باقاعدہ رجوع کرے ۔ انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری اتنی قربانیاں دے چکے ہیں کہ اب کسی بھی قسم کی پابندی یا جبر انھیں آزادی کی منزل تک پہنچنے سے نہیں روک سکتا۔
تازہ ترین