• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی تعاون کے بغیرپولیس ذمہ داریوں سے عہدہ برآ نہیں ہوسکتی‘واحد محمود

پشاور(خصوصی نامہ نگار)عوامی تعاون کے بغیر پولیس بنیادی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ نہیں ہوسکتی ، قانون کی حکمرانی کیلئے اس کا یکساں نفاذ ناگزیر ہے،خیبر پختونخوا پولیس ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ واحد محمود نے قانون کی حکمرانی پر سی آر ایس ایس کے زیر اہتمام اولسی تڑون کے نام سے ڈائریکٹوریٹ آف اورک کے تعاون سے منعقدہ دو روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیاورکشاپ میں چھ یونیورسٹیوں کے طلبہ نے شرکت کی جس کا مقصد نوجوانوں کی تنقیدی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے ۔ واحد محمود نے کہا کہ دنیا بھر میں ذمہ دار شہری پولیس سمیت انٹیلی جنس اداروں سے تعاون کرتے ہیں تاکہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی کو قائم رکھا جاسکے، یہ تعاون باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہونا چاہئےنوجوانوں کو اپنے خیالات اور کردار پر کڑی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ پشاور یونیورسٹی کے ڈاکٹر جمیل چترالی نے کہا کہ جمہوری ریاست میں تمام اداروں کو ایک دوسرے کا احترام،اپنے دائرہ کار میں رہ کر باہمی تعاون اور ملکی مفاد کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بہتر طرز حکمرانی مہذب اور ترقیافتہ معاشرہ تخلیق کرتا ہے ۔ وائس چانسلر کوہاٹ یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر اجمل احمد ، ٹرینر شگفتہ خلیق، مصطفی ملک اور شمس مومند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں امن وسکون انسانی حقوق کے تحفظ سے جڑا ہے، میڈیااور سوشل میڈیا کو سماجی ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے کردار ادا کرناہوگا۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ سب کو ایک دوسرے کی تہذیب وثقافت ،زبان کو سمجھنے کی ضرورت ہے تاکہ غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں۔
تازہ ترین