• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران بلوچستان کے غریب عوام کو ریلیف دیں،پرنس محی الدین

کوئٹہ (این این آئی) سابق وفاقی وزیر اور بلوچ رابطہ اتفاق تحریک کے سربراہ پرنس محی الدین بلوچ نے کہا ہے کہ حکمران اپنی پالیسی تبدیل کرکے کچھ لو کچھ دو کے ذریعے ملک اور بالخصوص بلوچستان کے غریب عوام کو ریلیف دیں۔ یہ بات نے انہوں نے اتوار کو کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر تنظیمی عہدیداروں اور اخبارنویسوں سے بات چیت میں کہی،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کے لئے بلوچستان کی سالمیت ضروری ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ بلوچستان کے مسئلہ کو پرامن طریقہ سے حل کرے اور حکمران سوچیں کہکیا ان کی 19سالہ پالیسی کامیاب رہی یا نہیں ،انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورت خراب ہورہی ہے،23مارچ کے موقع پرہم سب کو عہد کرنا چاہئے کہ قائداعظم اور پاکستان بنانے والوں نے کیا کہا تھا اس پر عمل کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک کوئی کارکردگی نہیں دکھائی ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ کاجائزہ لو توقرضوں اداروں کی تنخواہوں اور پنشن میں کٹ جاتا ہے ترقیاتی کاموں کیلئے کچھ نہیں بچتا ، صفائی اور صحت کیلئے بجٹ بڑھایا جائے، انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی تنخواہوں سے دس فیصد رقم کاٹی جائے اداروں کے ملازمین کی کارکردگی بڑھائیں تاکہ عوام جو سختیاں برداشت کررہے ہیں حکومت اور اداروں پر بھروسہ رکھیں، انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بھی حکومت اورا داروں کے اچھے کاموں میں ساتھ دیں تاکہ ہم سب دشمن کے ناپاک اداروں کو خاک میں ملادیں اور اپنے وطن کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار رہیں۔
تازہ ترین