کوئٹہ(آئی این پی )جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی نے کہا ہے کہ یوم پاکستان پربے حیائی کے پروگرام عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہیں ، شکرانےکے نوافل کی بجائے گانے ، بے ہودہ حرکات پروقت ضائع کرنا دانشمندی نہیں ۔ دو قومی نظریہ کا مقصد یہ نہیں تھا کہ ملک میں بے حیائی کو فروغ دیاجائے اور اس پر قوم کا سرمایہ ضائع کیا جائے ۔ ہمارے آبائواجداد نے ایک اسلامی فلاحی ریاست کے لئے قربانیاں دیں لیکن حکمران ان قربانیوں سے غداری کرکے مغربی خواہشات کی تکمیل چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم بھوک ، مہنگائی اور افلاس کا شکارہے یہاں تک کہ انہیں علاج معالجے کی سہولیات تک میسر نہیں۔کروڑوں روپے ضائع کرنے کی بجائے انہیں غریب عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے۔