• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام قیامت تک اپنی تمام تر تعلیمات اور روشنی کے ساتھ اُبھرتا رہے گا،قاری زوار بہادر

لاہور ( نمائندہ جنگ ) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ دشمنان اسلام کو اسلام فوبیا سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا اسلام قیامت تک اپنی تمام تر تعلیمات اور روشنی کے ساتھ اُبھرتا رہے گا انہوں نے کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان ہمیں حصول وطن کے لئے اپنے بزرگوں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے اسلام آباد اور دیگر شہروں میں یوم پاکستان کی پریڈ دشمنان اسلام اور پاکستان کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ یوم پاکستان کی تقریب میں ملائیشیا کے وزیر اعظم کا مہمان خصوصی اور دیگر اسلامی و دوست ممالک کے وفود ، فوجی دستوں اور جنگی جہازوں کی شرکت عالم اسلام میں پاکستان کی اہمیت کو اُجاگر کرتی ہے ۔ یوم پاکستان پر ہتھیاروں کی نمائش اور مسلح افواج کی مہارت سے دشمنوں کی نیندیں اڑ گئیں ہیں حالیہ پاکستان بھارت کشیدگی میں ہماری مسلح افواج نے بھارت پر اپنی برتری کو ثابت کردیا ہے ہماری بہادر افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کرکے پیغام دیا ہے کہ ہم پرامن قوم ہیں مگر اللہ کی دی ہوئی طاقت سے دشمن کا منہ توڑنے کو ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مسجدوں میں دہشت گردی کے واقعات نے مسلمانوں میں ایک نیا جذبہ پیدا کردیا ہے اور ان شہداء کا خون رنگ لائے گا اور اسلام کی روشنی پہلے سے زیادہ تیزی سے دنیا کو منور کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر جامعہ صفۃ الاسلامیہ فیروز پور روڈ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے حافظ نصیر احمد نورانی، محمد ارشد مہر ،مفتی تصدق حسین ،رشید احمد رضوی ،ملک محبوب الرسول قادری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔
تازہ ترین