• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے مظالم،نوجوان ہتھیار اٹھانے لگے

 کراچی (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ظلم وستم اور قتل وغارت گری کے باعث نوجوانوں کی بڑی تعداد مسلح جدوجہد پر مجبور ہورہی ہے۔ برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق کشمیری کسان یوسف ملک کو اپنے 22سالہ بیٹے اویس کے بارے میں فیس بک سے معلوم ہوا کہ اس نے بھی ہتھیار اٹھالئے ہیں۔ اویس چند روز قبل گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا تاہم اس کے بعد سوشل میڈیا پر اس کی تصویر سامنے آئی ہے جس میں اس نے کلاشنکوف اٹھارکھی ہے۔ وہ حزب المجاہدین میں شامل ہوچکا ہے جو کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف مسلح جدوجہد میں مصروف ہے۔ 49 سالہ یوسف نے برطانوی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ان کا بیٹا ایک ذمہ دار اور پڑھنے والا بچہ تھا۔ اویس اپنے جیسے درجنوں مقامی نوجوانوں کی طرح بھارتی قبضے کیخلاف مسلح جدوجہد میں شامل ہوا ہے۔ برطانوی نیوز ایجنسی نے بھارتی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ماضی میں مبینہ طور پر پاکستان سے لوگ مقبوضہ کشمیر میں مسلح جدوجہد کیلئے داخل ہوتے تھے تاہم اب مقبوضہ وادی میں بڑی تعداد میں مسلح جدوجہد میں مصروف نوجوانوں کا تعلق وادی ہی سے ہے۔
تازہ ترین