• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیا، غریب بچوں کو پڑھانے والے سائنس ٹیچر کیلئے انعام کا اعلان

کراچی (نیوز ڈیسک) افریقی ملک کینیا کے دیہی علاقوں میں غریب بچوں کو پڑھانے والے سائنس ٹیچر پیٹر تابیچی کو بہترین استاد قرار دیا گیا ہے۔ گلوبل ٹیچرز پرائز کے مقابلے میں انہیں انعام کے طور پر 10؍ لاکھ ڈالرز کی رقم دی گئی ہے۔ وہ اپنی تنخواہ کا 80؍ فیصد حصہ غریب بچوں کی تعلیم پر خرچ کرتے ہیں۔ ان کا تعلق مخصوص مسیحی گروپ ’’فرانسسکن ریلیجس آرڈر‘‘ سے ہے اور وہ صرف ایسے بچوں کو پڑھاتے ہیں جو انتہائی محروم طبقے سے تعلق رکھتے ہوں اور ان کے پاس کتابیں خریدنے کے پیسے بھی نہ ہوں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برادر پیٹر سمجھتے ہیں کہ دنیا میں ترقی کا واحد راستہ سائنس کی تعلیم ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ مستقبل کے معماروں پر اپنی تنخواہ خرچ کرکے انہیں سائنس کی تعلیم کیلئے آمادہ کرتے ہیں۔ دبئی میں منعقدہ تقریب کے دوران پیٹر تابیچی کیلئے انعام کا اعلان کی گیا اور ان کی کینیا کے دیہی علاقے ناکورو کے گائوں پوانی میں قائم کیریکو مکسڈ ڈے سیکنڈری اسکول کے طلبا کیلئے غیر معمولی خدمات پر انہیں شاندار خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
تازہ ترین