• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق نارویجین وزیراعظم کیلئے پاکستانی تنظیم کا ایوارڈ

ناروے کے سابق وزیراعظم شیل ماگنے بندویک جو ایک عرصے سے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کوشاں ہیں، کو دارالحکومت اوسلو میں ایک تقریب کے دوران خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تقریب اسلام آباد۔راولپنڈی سوسائٹی ناروے کے زیراہتمام گذشتہ روز ’’پاکستان اور اوورسیز پاکستانیز‘‘ کے موضوع پر یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں نارویجن پاکستانیوں بشمول خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت سوسائٹی کے صدر مرزا محمد ذوالفقار نے کی جبکہ ناروے میں پاکستان کے سفیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری راشد علی اعوان اور جائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عادل محبوب نے سرانجام دیئے۔

سابق نارویجن وزیراعظم جو اوسلو پیس سینٹر کے سربراہ بھی ہیں، ابتک تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششوں کے دوران کئی بار دونوں اطراف کے کشمیری رہنماؤں اور پاکستان اور بھارت کے حکام سے مل چکے ہیں۔ گذشتہ سال کا ان کا دورہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر بہت اہمیت کا حامل رہا۔

تقریب سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے سات دہائیوں سے کشمیر کے عوام بہت سے مصائب کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ یہ تنازعہ پر امن طریقے سے حل ہو اور کشمیری بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔

انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیاء میں امن نہیں آسکتا، لڑائی کسی مسئلےکا حل نہیں۔

ایوارڈ دینے پر انہوں نے اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور ناروے کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

تقریب کے دیگر مقررین میں سفیر پاکستان ظہیرپرویز خان، صدر سوسائٹی مرزا ذوالفقار، اوسلو سٹی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر مبشر بنارس، شاعرو ادیب ڈاکٹر سید ندیم حسین، شاعرہ رابعہ سیماب روحی، حسنین اسماعیل سرور، راجہ قاسم حسین، آمنہ نوراسحاق، محمد طلحہٰ اسحاق، زویا یار خان، آریان خان اور ارشمان دانیال بھی قابل ذکر ہیں۔

سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان نے اپنے خطاب میں تاریخی جدوجہد پاکستان پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ہماری نئی نسل کو اپنے بزرگوں کی قربانیوں اور جدوجہد سے آگاہ ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر مبشر بنارس نے خطاب کرتے ہوئے ناروے میں مقیم پاکستانیوں سے گزارش کی کہ اپنے بچوں کی تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ ہماری نئی نسل نارویجن معاشرے کا بہترین شہری بن سکیں۔

ڈاکٹر سید ندیم حسین نے کہاکہ ہمیں فرقہ اور مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کا احترام کرنا چاہیے اور یہی پاکستان اور اسلام کا بھی مقصد ہے۔

رابعہ سیماب روحی نے پاکستان کے مقاصد پر گفتگو کی اور کہاکہ ہمیں بحیثیت پاکستانی قائداعظم کے فرامین پر عمل کرنا چاہیے اور بحیثیت مسلمان نبی اکرم ﷺ کی سیرت کو اپنا چاہیے۔

تقریب کے دوران اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی کے سابق جنرل سیکرٹری یوسف خان کو بھی ان کی خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ ملی نغمے پیش کرنے پر بچوں کو میڈل دیئے گئے۔

اس سے قبل گذشتہ روز سفیر پاکستان نے بھی اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے صدر مرزا محمد ذوالفقار کو ان کی سماجی خدمات پر میڈل دیا۔ سوسائٹی کے صدر نے اپنے خطاب میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین