• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں یوم پاکستان کی تقریب

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول کے مقامی ہوٹل میں یوم پاکستان کے حوالےسے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

18مارچ کو ہونے والی یہ تقریب کوریا میں تاریخی طور پر ایک بڑی تقریب خیال کی جاتی ہے، پاکستان سفارت خانہ کی دعوت پر کم و بیش 400 سے زائد مہمان اس تقریب میں تشریف لائے۔ سفارت خانے نے کوریا بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو دعوت دینے کے ساتھ ساتھ غیر ملکیوں کی ایک کثیر تعداد کو بھی مدعو کیا ہوا تھا۔

کوریا میں متعین پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی ایک متحرک شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر پاکستان کے اس تاریخی تہوار کو بین الاقوامی میلے کی شکل دے دی، جس کا مقصد اقوام عالم کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت، جغرافیہ اور ابھرتی ہوئی معیشت کے بارے میں روشناس کرانا تھا۔

تقریب میں42 ممالک کے سفیروں نے شرکت کی جبکہ پچاس سے زائد ممالک کے ملٹری اتاشی بھی اپنی فوجی وردیوں میں ملبوس تقریب کی رونق بنے۔

سیول میں تعینات پہلے ڈیفنس اینڈ ملٹری اتاشی کرنل نوید احمد عباسی نےدیگر ممالک کے ملٹری اتاشیوں کی ایک کثیر تعداد کی شمولیت کو یقینی بنایا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنوں پہ کیا گیا۔

سفیرپاکستان نے اپنے استقبالیہ خطاب میں یوم پاکستان کی مختصر تاریخ اور پاکستانی قوم کے لئے اس دن کی اہمیت پہ روشنی ڈالتے ہوئے غیر ملکی مندوبین کو پاکستان اور کوریا کے تاریخی تعلق میں بدھ مت اور ٹیکسلا تہذیب کے بارے میں دلچسپ معلومات مہیا کیں جسے تمام مہمانوں خصوصی طور پر کورینز نے بہت پسند کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ چوئے ہیون تھے۔ انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں کوریا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی تاریخ کو جامع انداز میں بیان کرتے ہوئے پاکستان میں مختلف کورین منصوبے خصوصاً لاہور تا اسلام آباد موٹروے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ابھی بہت سے شعبے ایسے ہیں جہاں دونوں ممالک مل کر کام کرسکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی اور یوم پاکستان کی تقریب میں مدعو کرنے پر سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر رحیم حیات قریشی صاحب نے طلبا، ریسرچ اسکالرز، اور شعبہ تحقیق و تدریس سے وابستہ افراد کی شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے کہا کہ ہمارے یہ نوجوان جو یہاں کوریا میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں یا اپنی تعلیم مکمل کر کے کورین یونیورسٹیوں میں بطور محقق اور معلم خدمات سرانجام دے رہے ہیں بہت بڑا قومی سرمایا ہیں۔ اور اصل میں یہی پاکستان کے سفیر ہیں جو اپنے علم اور کردار سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے صدرمدثر چیمہ اپنی ٹیم کے ساتھ تقریب میں موجود تھے جنہوں نے بہت تھوڑے وقت میں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کو متحرک اور فعال بنایا ہے۔

سفارتخانہ پاکستان نے مہمانوں کے لئے پرتکلف کھانے کا اہتمام بھی کیا تھا، جس کے دوران پاکستانی روایتی پکوانوں کے ساتھ ساتھ کانٹی نینٹل ڈشز اور کورین اسٹائل کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر سفارتخانے کی جانب سے مہمانوں کو یادگاری تحفہ بھی دیا گیا۔جو نمک کے پتھر سے بنا ہوا ٹیبل لیمپ اور نمک کی چٹان کے بنے ہوئے چند خوبصورت شو پیس تھے، جنہیں غیر ملکی مہمانوں نے حیرت اور اشتیاق سے سراہا۔

پاکستانی سفارتخانے کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی شفیق حیدر ورک نے تقریب کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

تازہ ترین