• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروان بھٹو میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، عاجز دھامرہ

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان اور سابق سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ کاروان بھٹو کے دوران سندھ کے چپے چپے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا تاریخی استقبال ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فنی خرابی کے نام پر روڑے آٹکائے گئے تو یہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پی پی پی سندھ سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیہ میں عاجز دھامرہ کا کہنا تھا کہ منگل سے شروع ہونے والے کاروان بھٹو کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں، عوام کی شدید خواہش اور جوش و خروش کی وجہ سے 8 گھنٹے کے سفر کو 48 گھنٹوں پر تقسیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کاروان بھٹو 26 مارچ کو صبح 10 بجے کینٹ اسٹیشن کراچی سے شروع ہوگا جو رات 8 بجے نواب شاہ پہنچے گا، جبکہ 27 مارچ بروز بدھ صبح دس بجے نواب شاہ سے لاڑکانہ روانگی ہوگی اور 8 بجے اختتامی تقریر لاڑکانہ میں ہوگی۔

انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جن ریلوے اسٹیشن پر عوام کے فقید المثال اجتماعات سے چیئرمین پی پی پی خطاب کریں گے، ان میں کینٹ اسٹیشن کراچی، لانڈھی کراچی، جھنگ شاہی ضلع ٹھٹھہ، کوٹری ڈسٹرکٹ جامشورہ، حیدرآباد، اوڈیرو لعل ضلع مٹیاری، ٹنڈو آدم، شہداد پور، نواب شاہ، شہید بینظیر آباد کے نواب شاہ ریلوے اسٹیشن پر رات 8 بجے خطاب ہوگا، جبکہ 27 مارچ کو صبح دس بجے نواب شاہ ریلوے اسٹیشن سے کاروان اپنا سفر شروع کرے گا جس میں دوڑ، پڈعیدن، محراب پور، بھریا روڈ، رانی پور، خیرپور میرس، روہڑی، سکھر، گوسرجی، حبیب کوٹ، مدیجی، سر شاہنواز بھٹو نوڈیرو اور آخر میں لاڑکانہ میں ’کاروان بھٹو‘ سے اختتامی خطاب کریں گے۔

عاجز دھامرہ کا مزیدکہنا تھا کہ کاروان کا اعلان ہوتے ہی وفاقی حکومت کی پریشانیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسلام اباد کے ایوانوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔

تازہ ترین