• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 کروڑ 30 لاکھ کافراڈکرنیوالا14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے اومنی گروپ کے طرز پر جعلی فنانسنگ کمپنی کے نام پر شہریوں سے 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کامبینہ فراڈکرنےوالے ملزم شمشادعلی کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ پیر کو نیب راولپنڈی نے زیرحراست ملزم کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 1 میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے اومنی طرز پر کمپنی بنا کرعسکری گروپ آف انوسٹمنٹ کمپنی کے نام پرشہریوں کو گھراورکارکی فراہمی کیلئے23ملین روپے اکٹھے کیے اوراپنے بنک اکاؤنٹس میں ڈال کراستعمال کرتارہا، جبکہ نہ تو کسی شہری کو گھر دیا اور نہ ہی کار فراہم کی، ملزم کو کراچی سے گرفتار کیاگیا اورراہداری ریمانڈحاصل کیاگیا جو ختم ہو گیا جس پر ملزم کو یہاں پیش کیا گیا ۔ نیب نے بتایا کہ ملزم کے بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات لے لی گئی ہیں ، رقم کی ریکوری اوردستاویزات حاصل کرنے کیلئے جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ اس موقع پر فاضل جج کے استفسار پر ملزم شمشاد علی بھدالی نے بتایا اس کا کوئی وکیل نہیں اورجلد اپنا وکیل کر لے گا ، نیب نے 2کروڑ30لاکھ روپے کا الزام لگایا اس سے کئی گنا زائد میری رقم مارکیٹ میں پھنسی ہے جو وصول کرناہے،میرے خلاف شکایت کرنے والوں میں سے کسی نے بھی مجھ سے رابطہ نہیں کیا، میرا اپنےاہل خانہ سے بھی رابطہ نہیں ۔ بعد ازاں فاضل عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کرتے ہوئے نیب کے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ 15،15متاثرین کوبلا کران سے تفصیلات حاصل کریں کہ وہ کیا کہتے ہیں اور کس مقصد کیلئے اپنی رقوم اس کمپنی میں استعمال کیں، تمام تفصیلات کی روشنی میں رپورٹ تیار کی جائے کہ متاثرین کے پھنسنے کی وجوہات کیا تھیں۔  

تازہ ترین