• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور یورپی یونین میں اسٹریٹجک شراکت داری، دہشت گرد تنظیموں کیخلاف تعاون کرینگے

اسلام آباد،راولپنڈی (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) پاکستا ن اور یورپی یونین نے موجودہ دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، دیرپا ترقی، توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری اور دہشتگرد تنظیموں کیخلاف تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائےپیر کو اسلام آباد میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان وفود کی سطح کی ملاقات میں ہوا جبکہ یورپی یونین کی امور خارجہ کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کا کہناہے کہ دنیا میں اسلا موفوبیا کا پھیلنا سب کیلئے خطرہ ہے‘فیڈریکا موگرینی نے صدر عارف علوی ‘وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔قبل ازیں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین وفودکی سطح پر ملاقات ہوئی‘ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جبکہ یورپی یونین کا وفد فیڈریکاموگرینی کی سربراہی میں بات چیت میں شریک ہوا‘ملاقات اور مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی یونین سے نیشنل ایکشن پلان اور مختلف شعبوں میں ملکر کام کرنے پر بات چیت ہوئی، بھارت کے ساتھ موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔پاک بھارت جنگ سے کسی بھی مسئلے کا حل ممکن نہیں‘ فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا، غربت کے خاتمے اور دیگر حکومتی ترجیحات میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے، پاکستان کو یورپی مارکیٹوں میں ہرممکن رسائی فراہم کر رہے ہیں، ۔بھارت سے کشیدہ صورتحال میں کمی کیلئے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

تازہ ترین