• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا بلدیاتی نظام ایک ماہ میں نافذ کیا جائے، وزیر اعظم کی ہدایت

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم عمران خان نےنئے لوکل نظام کو آئندہ ایک ماہ میں تمام ضروری مراحل مکمل کرکے ناٖفذ العمل کرنیکی ہدایت کی ہے وزیراعظم نے کہا خیبر پختونخوا میں ویلیج کونسلز کے قیام کا تجربہ کامیاب رہا ، عوام کو مقامی سطح پر بااخیتار بنائینگے،انہوں نےکہا کہ بدقسمتی سے انتظامی ڈھانچہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ رہا ہے۔ انتظامی ناکامی کی وجہ سے ملک میں اکثر مقامات پر شہری صحت، تعلیم ، پانے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم رہتے ہیں ۔ نئے نظام میں عوامی نمائندوں کو اختیار دیکر اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ اپنے علاقوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کر سکیں گے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں نیا لوکل گورنمنٹ نظام متعارف کرانے کے سلسلے میں پیشرفت پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں نئے لوکل گورنمنٹ کے نظام کے خدوخال اور مجوزہ نظام کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹس کے قیام کا مقصد مقامی سطح پرلوگوں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ تعمیر و ترقی کے فیصلے مقامی سطح پرطے پائیں۔ ماضی میں خیبر پختونخوا میں ویلیج کونسلز کے قیام کا تجربہ بہت کامیاب رہا ۔ اس نظام کو مزید بہتر بنا کر عوام کو مقامی سطح پر بااخیتار کیا جائے گا۔ دریں اثنا وزیر اعطم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کی قومی دھارے میں شمولیت کے حوالے سے ایک اور وعدہ آج پورا ہوا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ جمعۃ المبارک کو ایک جلسہ میں میں نے باجوڑ کے لوگوں سے 3-G سروس کی فراہمی کا وعدہ کیا چنانچہ باجوڑ کی تحصیل خار میں آج سے تھری جی سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 

تازہ ترین