سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نوازنے اپیل کی ہے کہ نواز شریف کے چاہنے والے اللہ تعالیٰ سے رجوع کریں اوراُن کی رہائی کے لیے دعا کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج نوازشریف کیس کی سماعت ہے، نوازشریف کے چاہنے والے اللہ تعالیٰ سے رجوع کریں اوران کی رہائی کے لیے دعا کریں۔
اپنے ٹویٹ میں مریم نواز نے مزید کہا کہ دل سے نکلنے والی دعا اللہ رب العزت کے حضور ضرور پہنچتی ہے، نواز شریف کے چاہنے والے اپنے والدین سے بھی دعا کروائیں، پتا نہیں اللہ تعالیٰ کس کی دعا قبول کر لیں۔
سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی کا کہنا ہے کہ جب نوازشریف کو کوٹ لکھپت جیل لے جایا گیا تھا تب میں ان سے ملنے وہاں گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے نواز شریف سے اس وقت کہا تھا کہ آپ اڈیالہ جیل کے بجائے کوٹ لکھپت جیل میں بہتر محسوس کر رہے ہیں جس پر نوازشریف نے کہا کہ ’’جی ہاں! اس مشکل وقت میں آپ کو پریشان نہیں دیکھ سکتا، مشکل وقت خود پر تو برداشت کر سکتا ہوں لیکن بیٹی تمہیں پریشان نہیں دیکھ سکتا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواستِ ضمانت پر سماعت آج ہو گی۔