• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو شکست، آسٹریلیا میچ اور سیریز کا فاتح

آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 80 رنز سے شکست دے کر میچ اور سیریز میں فتح اپنے نام کرلی۔

267 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس 44 اعشاریہ 4 اوورز میں 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 266 رنز بنائے اور پاکستان کو 267 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے کپتان ایرون فنچ 90، گلین میکس ویل 71اور ہینڈ کومپ47 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

267 رنز کے تعاقب میں گرین شرٹس کے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز اوپن کی،اس کی پہلی وکٹ 14 کے اسکور پر گری،شان مسعود صرف 2رنز بناکر کمنز کا شکار بن گئے۔

گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 2 رنز کے اضافے پر گری،7ویں اوور کی تیسری گیند پر سیریز کے پہلے میچ میں سنچری بنانے والے حارث سہیل ایک رن بناکر کمنز کی دوسری وکٹ بن گئے۔

کمنز نے اسی اوور کی آخری گیند پر دوسرے میچ کے سنچری میکر محمد رضوان کو صفر رنز پر قابو کرلیا اور میچ میں تیسری وکٹ اپنے نام کرلی۔

چوتھی وکٹ پر امام الحق اور کپتان شعیب ملک نے 59رنز کی شراکت قائم کی لیکن 21ویں اوور میں میکس ویل نے 46رنز بنانے والے امام الحق کو پویلین کا راستہ دکھادیا۔

کپتان شعیب ملک 96 کے مجموعے پر 32رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوگئے،یوں پاکستان کی پانچویں اور اہم وکٹ نیتھن لائن کے حصے میں آئی۔

گرین شرٹس کے عمر اکمل اور عماد وسیم نے چھٹی وکٹ پر 53 رنز کی شراکت قائم کی،149 کے اسکور پر عمر اکمل 36رنز کی اننگز کھیل کا آوٹ ہوگئے۔

پاکستان ی ساتویں وکٹ 178 کے اسکور پر گر گئی، عماد وسیم 43 رنز بناکر زمپا کا پہلا شکار بنے، اسی اوور میں زمپا نے عثمان شنواری کو پویلین بھیج دیا۔

گرین شرٹس کی آخری دو آوٹ ہونے والے کھلاڑی جنید خان اور محمد حسنین تھے جو بالترتیب 5 اور صفر رنز بناکر زمپا کا شکار بن گئے یوں پاکستان کی پوری ٹیم 186 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کے زمپا نے 4، کمنز3 جبکہ لائن،میکس ویل اور بہرینڈاوف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کے ابتدائی بیٹسمینوں کو آوٹ کرنے والے کمنز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آسٹریلیا میچ میں کامیابی کے ساتھ پانچ میچوں کی سیریز میں 3 صفر سے فاتح ٹھہرا، دونوں ٹیموں کے درمیان مزید 2 میچز 29 اور 31 مارچ کو دبئی میں کھیلے جانے ہیں۔

پہلے دو میچز میں آسٹریلیا 8،8 وکٹ سے فاتح رہا تھا،ان مقابلوں میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے سنچریاں اسکور کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تازہ ترین