• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کراچی سرکلر ریلوے پر جاپانی حکومت سے بات کریں، رانا عابد

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاپان کی حکومت کے ساتھ کراچی کے لیے ڈھائی ارب ڈالر کے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر مذاکرات کریں۔

رانا عابد کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہکراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کے لئےحکومت جاپان نے ہی دس سال قبل پیش کیا تھا لیکن سابق حکومتوں کی عدم توجہی کی سبب یہ منصوبہ تاحال عمل پزیر نہیں ہوسکا ہے جس سے نہ صرف کراچی میں ٹریفک مسائل بڑھ گئے ہیں بلکہ پاکستان بھی جاپان کی اتنی بڑی سرمایہ کاری سے محروم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دس سال قبل اس منصوبے کی لاگت ڈیڑھ ارب ڈالر تھی جو اب بڑھ کر ڈھائی ارب ڈالر ہوچکی ہے اور تاحال جاپانی حکومت کے پاس یہ منصوبہ عمل پذیر ہے تاہم پاکستان کی جانب سے اس منصوبے کے لیے کوئی مثبت بات چیت شروع نہیں کی گئی ہے۔

رانا عابد حسین نے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بھی اس منصوبے پر عمل کرانے کے لیے ذاتی دلچسپی لیں کیونکہ اس وقت جاپان نے بھارت میں دہلی سرکلر ریلوے کا منصوبہ مکمل کرنے کے بعد اب ممبئی سے گجرات تک بلٹ ٹرین کا منصوبہ بھی شروع کردیا ہے جبکہ پاکستان آسان جاپانی قرضے کے باوجود اس منصوبے پر کام شروع نہیں کرپایا۔

صدر پاک جاپان بزنس کونسل نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ منصوبے میں تاخیر کا باعث بننے والے عوامل کی تحقیقات کرائیں۔

تازہ ترین