• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اساتذہ کا احتجاج بلاجواز ہے، وزیر تعلیم سندھ

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت احتجاج کرنے والے اساتذہ کے حقیقی مسائل کے حل کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکریٹری تعلیم نے گزشتہ شب ڈیڑھ بجے معاہدے کیلئے کوشش کی۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کے مطالبات جب پہلے ہی منظور کرلیے تھے تو احتجاج کا کوئی جواز نہیں۔

سید سردار علی شاہ کا کہنا ہے کہ ٹائم اسکیل کے مطالبے پر ایک سمری پر پہلے سے کام شروع کردیا ہے صرف گروپ انشورنس کے مسئلہ تک ہی بات محدود نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ اساتذہ امتحانات کے دنوں میں بلاجواز احتجاج کررہے ہیں جو ہرگز مناسب نہیں، مطالبات اور احتجاج امتحان کے دنوں میں ہی کیوں یاد آتے ہیں۔

سردار شاہ نے کہا کہ اساتذہ کو اپنا احتجاج ملتوی کرکے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے، ان کا کوئی بھی مطالبہ بچوں کی بہتری یا تعلیمی ترقی کے لیے نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کو سرکاری اسکول میں داخل کروایا تھا لیکن ان میں سے بیشتر اساتذہ کے اپنے بچے نجی اسکولوں میں پڑھتے ہیں۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ دیگر سرکاری ملازمین کے مقابلے میں سرکاری اساتذہ کو زیادہ بہتر تنخواہیں مل رہی ہیں۔

سید سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ احتجاج کے دوران گرفتار اساتذہ کو فوری رہا کروایا ہے اور لاٹھی چارج اور شیلنگ کی مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران وہ لاڑکانہ میں تھے، کراچی پہنچ کر ان کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

تازہ ترین