• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر منیجر اپنے کیریئر کے کسی نہ کسی موڑ پر پہلی بار مینجمنٹ جاب کرتا ہے۔ اسے کسی ٹیم کو سپروائز کرنا پڑجاتاہے یا کسی ہدف کو پوراکرنے کیلئے ٹیم تیار کرنے کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔ دیگر ملازمتوںکی طرح کوئی بھی کمپنی آپ کو یہ جاب اس وقت تک نہیں دیتی جب تک آپ کے پاس اس کا تجربہ نہ ہو اور جب تک آپ پہلی بار یہ فرائض نہیں نبھائیںگے، آپ کو تجربہ کیسے حاصل ہوگا۔ اپنی پہلی مینجمنٹ جاب کو کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ کو کچھ گُر آنے چاہئیں۔

اچھا کام کریں

کوئی بھی آپ کو اس وقت تک انچارج نہیں بنائے گا، جب تک آپ اپنی جاب بہتر طریقے سے نہیں کرتے۔ مینجمنٹ جاب کا پہلا قدم یہی ہے کہ آپ جو کچھ کررہے ہیں، اسے اچھی طرح انجام دیں۔ آپ کو بہترین نہیں تو بہتر ثابت ہونا پڑے گا۔ ضروری نہیں کہ کمپنی کا ایک بہترین پروگرامر ایک اچھا ڈویلپمنٹ منیجر بھی ثابت ہو۔ وہ پروگرامنگ کوڈ لکھنے کو ترجیح دے گا نہ کہ مینجمنٹ کی ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کرے گا۔ ہاں یہ ہوسکتاہے کہ ایک ڈیویلپمنٹ منیجر ایک اچھا پروگرامر بھی ہو ۔

ہوم ورک کریں 

پہلے تو اس کو ازبر کرلیں کہ منیجر ز کیا کرتے ہیں۔ اس کے لیے اپنے ادارے میں منیجر ز کا مشاہدہ کریں کہ وہ کیا اور کیسے کرتے ہیں۔ مینجمنٹ اور لیڈر شپ سے متعلق کتابوں کا مطالعہ کریں اور سیکھیں کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں۔ اپنی معلومات میں اضافے کیلئے منیجرز سے سوالات کریں۔

کام لینا سیکھیں

کسی بھی منیجر کی اہم مہارت اس میں لوگوںسے کام لینے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ سیکھیں کہ لوگ جب باہر رونما ہونے والے مختلف مسائل کا سامنا کرتے ہیں توکیسے سوچتے، ردعمل ظاہر کرتے اور کام کرتے ہیں۔ لوگوں کیلئے احترام پیدا کریں، یہاںتک کہ جو آپ سے مختلف بھی ہوں۔ سیکھیںکہ لوگوں کے ساتھ کیسے کام کیا جاتا ہے اور ان کے روّیوں پر کیسے اثر انداز ہوا جاسکتاہے۔ جب تک آپ لوگوں سے کام لینا نہیں سیکھیں گے، آپ کو مینجمنٹ پوزیشن پر کوئی ترقی نہیں دےگا۔ کوئی بھی منیجر اگر لوگوں سے کام نہ لے سکے تو پھر اسے ناکام ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔

پہل کریں

اپنی ڈیسک پر ہی نہ بیٹھے رہیں کہ کوئی آئے اور آپ کو مینجمنٹ کی جاب تفویض کرے، آپ خود پہل کریں۔ مینجمنٹ کی اہم مہارت منصوبہ بندی ہے، آپ ضروری معلومات حاصل کرکے سالانہ بجٹ بنانے میں اپنے باس کی مدد کرسکتے ہیں۔ مثلاً پروڈکشن لائن میں کسی نئی پراڈکٹ کے اضافےپرکتنی لاگت آئے گی، اس کا تخمینہ لگانے کیلئے آفر کرسکتے ہیں۔ اگر آپ کا ڈپارٹمنٹ کمپنی پکنک کیلئے کسی کا نام پلاننگ کمیٹی (ایمپلائی ریلیشن کمیٹی ، HRاسٹڈی گروپ وغیرہ )کو بھیجتاہے ، تو آپ رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کرسکتے ہیں۔ یعنی آپ ہر اس کام میں اپنی خدمات پیش کرسکتے ہیں، جس سے آپ کی اپنی اصل جاب پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔

ایک اور زبردست موقع آپ کے پاس یہ ہوتاہے کہ آپ مینجمنٹ اسکلز (انتظامی مہارتوں ) کی مشق کریں اور خو د کو پہلی مینجمنٹ جاب کیلئے بہتر پوزیشن پر لائیں، جیسے کہ کسی مقامی غیر منافع بخش ادارے میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔ اس کے ذریعے آپ جو تجربہ اور مہارت حاصل کریں گے اس سے آپ کو اپنی پہلی مینجمنٹ جاب کرنے میں مدد ملے گی۔ اس رضاکارانہ کام کو ان لوگوں سے ضرور شیئر کریں جو آپ کو ملازمت پر کھ رہے ہیں۔

معلوم کریں 

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو مینجمنٹ پوزیشن کیلئے زیر غورلایا جائے تو اس کے بارے میں پوچھیں۔ انتظار نہ کریں کہ کوئی آئے اور آپ کو خود آفر کرے۔ اپنے باس سے ملاقات کریں اور کہیں کہ آپ ان کے نقش ِ قدم پر چلتے ہوئے مینجمنٹ ٹیم میں شمو لیت اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ ان سے کہیں کہ آئندہ اگر کسی کمیٹی کی سربراہی یا کسی چھوٹی ٹیم کی قیادت کی ضرورت ہوئی توآپ اپنی خدما ت پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس طرح ان کے علم میں آ جائے گا اور وہ آپ پر نظر رکھیں گے ۔ اگر وہ دیکھیں گے کہ آپ چھوٹی ذمہ داریاں عمدگی سے انجام دے رہے ہیں تو وہ آ پ کو بڑی ذمہ داریاں بھی تفویض کر سکتے ہیں اور ہوسکتاہے کہ آپ کو سپر وائزر یا مینجمنٹ کا کوئی عہدہ دے دیں۔

بڑے اداروں میں ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کمپنی کے انٹرانیٹ پر ملازمتوں کی فہرست لگاتے ہیں جبکہ چھوٹی کمپنیاں اسے بلیٹن بورڈ پر لگاتی ہیں۔ ان فہرستوں پر نظر رکھیں اور جب آپ دیکھیں کہ مینجمنٹ کی کوئی اینٹری لیول پوزیشن موجود ہے تو اس کیلئے درخواست دیں۔ جب یہ کام کرلیں تو اپنا ہوم ورک مکمل کریں اور وہ سب کریں جو اس مضمون میں بتایا گیاہے۔ امید ہے کہ اس طرح آپ کو پہلی مینجمنٹ جاب مل جائے گی۔ 

تازہ ترین