• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 30 مارچ ، 2019

کراچی: رینجرز کی 26 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب

رینجرز ٹریننگ سینٹر اینڈ اسکول کراچی میں رینجرز ریکروٹس کی26ویں پاسنگ آوٹ پریڈ کی ایک پُر وقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی تھے، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعیدنے وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کا استقبال کیا۔

مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کوچاک وچوبند پریڈ کے دستوں نے سلامی پیش کی۔

سلامی کے بعد مہمان خصوصی نے ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید، کمانڈنٹ ٹریننگ سینٹر اینڈ اسکول اور پریڈ کمانڈر کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا، بعد میں مہمان خصوصی نے دورانِ ٹریننگ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے۔

وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، آج کا دن مستقبل کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور آپ قابل فخر ادارے کا حصہ بن رہے ہیں۔

شہریار خان آفریدی نے کہاکہ رینجرز نے ہر میدان میں شجاعت اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، رینجرز کی کامیابی کے ثمرات بحال امن کی صورت میں نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ففتھ جنریشن وار کے اثرات پاکستان بھر میں دیکھے گئے ہیں، سندھ رینجرز نے کراچی میں امن بحال کرنے کے ساتھ اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ کراچی ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر تجارتی مرکز بن گیا ہے، امن مشق اور پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کی روشنیاں بحال ہو چکی ہیں، سندھ رینجرز کے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، اس فورس کی کامیابی کا سہرا اس کے افسران اور جوانوں کے سر ہے۔

تقریب میں رینجرز اینٹی ٹیررسٹ ونگ نے ریسکیو آپریشن کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کے عزیز و اقارب بھی تقریب میں شریک تھے۔