• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ آج زرمبادلہ کے ذخائر ہمارے منصب سنبھالنے کے وقت سے بہتر ہیں۔

معیشت کے استحکام اور نقصانات کی تلافی پر لکھے گئے مضمون میں حماد اظہر نے کہا کہ آج بیرونی قرضوں میں قلیل اضافے کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر ہمارے منصب سنبھالنے کے وقت سے بہتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جاری خسارہ 22 اور تجارتی خسارہ 11 فیصد کم ہے اور مزید بہتری آرہی ہے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو 19 ارب ڈالر کا جاری خسارہ اور 20 ارب کی بیرونی ادائیگیوں کی ذمہ داریاں ورثے میں ملیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر قلیل مدتی ادائیگیوں کے لیے ناکافی تھے اور یہ صورتحال 13 ارب ڈالر قرض لینے کے باوجود تھی۔

وزیر مملکت برائے ریونیو نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے دوست ملکوں سے رقم لی،جس سے ترسیلات کی نمو جو کئی سال سے منجمد تھی اس میں بھی اتنی بہتری آئی کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا رجحان اب بڑھنے کا رجحان بن چکا ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ ملک کی مالیاتی صورتحال میں آمدن اگرچہ ایف بی آر کے ہدف سے کم لیکن 3 فیصد بہتر ہوئی ہے اور فروری میں جاری خسارہ گئے مالی سال کے فروری سے 72 فیصد کم ہے۔

ان کا کہناتھاکہ 5 سال میں جاری خسارہ 7 اور تجارتی خسارہ 2گنا ہونے نے معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا اور معاشی نمو کی حقیقت عیاں کردی،گذشتہ دو سال کی نمو ادھار لے کر کی گئی۔

تازہ ترین