• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مودی کو فون کرکے عمران نے کمزوری دکھائی‘

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نریندر مودی کو فون کرکے عمران خان نے کمزوری دکھائی،کوئی وزیراعظم کو سمجھائے حکومتیں ٹوئٹر سے نہیں چلتیں۔

ٹیکسلا میں پریس کانفرنس سے خطاب میں چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت نے عوام کو لال بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے، عمران خان کو کیسے پتہ چلا کہ تیل اور گیس کا خزانہ ملنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو فون کرکے عمران خان نے کمزوری دکھائی،پاکستان کو اس وقت شدید خطرات کا سامنا ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت صرف لفاظی سے لوگوں کو مطمئن کررہی ہے،قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا گیا، اگر صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھاتا ہوں تو اس کا مطلب ہو گا انتخابی نتائج قبول کر لیے ہیں۔

چوہدری نثار نے یہ بھی کہا کہ بطور سیاستدان مستقبل کا فیصلہ کروں گا، 35 سال ایک جماعت کے ساتھ کھڑا رہا اب اس پارٹی کی لیڈر شپ سے علیحدہ ہوگیا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی حکومتیں آئیں قرض لیتی رہیں لیکن موجودہ حکومتیں نے قرض لینے کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، قرضوں کا گرداب ہے ملک کی معیشت قرضوں پر چل رہی ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کے حوالے سے موجودہ حکومت کا کوئی موقف نظر نہیں آتا،بھارت اور مودی کے حوالے سے نواز شریف اور عمران خان کا ایک ہی موقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی گھمبیر مسائل میں ہے، ملک کو قومی یکجہتی کی ضرورت ہے،وزیر اعظم کو کون سمجھائے حکومتیں ٹویٹر پر نہیں چلتیں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا معاملہ عدالتوں میں ہے اس پر بات نہیں کروں گا، حلقے کے عوام نے مجھے پر اعتماد کیا ہے، لیکن موجودہ صورتحال میں سیاسی کشمکش ہے۔

تازہ ترین