• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا  نے پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو تاریخ میں دوسری بار وائٹ واش کردیا۔

یو اے ای کے گرائونڈز پر پاکستان کی ہوم سیریز میں پاکستانی بیٹسمینوں نے پانچ میچوں کے دوران پانچ سنچریاں بنائی مگر ٹیم ایک بھی میچ میں کامیاب نہ ہوسکی۔

اس سے قبل آسٹریلیا 2009-10 کی پانچ میچوں کی ہوم سیریز کے دوران بھی پاکستان کو وائٹ واشن کرچکا ہے۔

دبئی اسٹیڈیم پر کھیلے گئے پانچویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 328 رنز کا ہدف دیاجو سیریز کے دوران کسی بھی ٹیم کا 300 یا اس سے زائد کا پہلا ہدف تھا۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم حارث سہیل کی سنچری، کپتان عماد وسیم اور شان مسعود کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 307 رنز تک محدود رہی۔

آسٹریلیا کے 328 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شان مسعود اور گزشتہ میچ کے سنچری میکر عابد علی نے اننگز اوپن کی تاہم 1 کے اسکور پر عابد علی بغیر کوئی رنز بنائے،بیرینڈوف کا شکار بن گئے۔

دوسری وکٹ پر شان مسعود اور حارث سہیل نے اسکور میں 108رنز کا اضافہ کیا،پاکستان کے دوسرے اوپنر کو50 کے انفرادی اسکور پر زمپا نے پویلین کی راہ دکھائی۔

گرین شرٹس کی تیسری وکٹ 136 کے اسکور پر گری،گزشتہ میچ سمیت سیریز میں دوسنچریاں داغنے والے محمد رضوان اس بار صرف 12 رنز بناکر میکس ویل کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے۔

چوتھی وکٹ پر حارث سہیل اور عمر اکمل نے 102رنز کی شراکت قائم کی، 238 کے اسکور پر عمر اکمل 43 رنز کی اننگز کھیل کر لائن کا شکار بن گئے۔

پاکستان کے پانچویں آوٹ ہونے والے بیٹسمین میچ کے ٹاپ اسکور حارث سہیل تھے جو 130 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رچرڈسن کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔

گرین شرٹس کی چھٹی وکٹ 255 کے اسکور پر سعد علی کی گری جو صرف 4 رنز بناسکے، انہیں بیرینڈوف نے میدان بدر کیا۔

اہم ترین وکٹیں گر جانے کے پریشر عماد وسیم پر بڑھ گیا،انہوں نے کئی اچھے اسٹروک کھیلے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے،وہ 50 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 303 کے اسکور پر یاسر شاہ کی گری جو 11 رنز بناکر بیرینڈوف کا تیسرا شکار بنے۔

آسٹریلیا کے بیرینڈوف نے 3 جبکہ لائن، زمپا، میکس ویل اور رچرڈسن نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

سیریز کے دوران پاکستان کے حارث سہیل اور محمد رضوان نے 2،2 جبکہ عابد علی نے ایک سنچری اسکور کی۔

آسٹریلوی کپتان نے پانچ میچوں کے دوران 2 سنچریاں بنائی جبکہ میکس ویل اور عثمان خواجہ نروس نائینٹیز کا شکار رہے۔

تازہ ترین