• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی موسیقار فلم میں عاطف اسلم کی بجائے ارجیت سے گانا ریکارڈ کرنے پر مجبور

کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کے بھارتی مداحوں کو پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سےشدید مایوسی کا سامنا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی موسیقار امل ملک نے اپنے ٹوئٹ میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی آئندہ آنے والی فلم ’دے دے پیار دے‘ میں عاطف اسلم کے بجائے ارجیت سنگھ سے گانا ریکارڈ کرائیں گے۔ جو یہ بات ثا بت کرتا ہے کہ بھارتی موسیقاروں کی پہلی پسند آج بھی عاطف اسلم ہیں۔پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارت کی حکومت پاکستانی فنکاروں پر پابندی تو لگا سکتی ہے مگر بھارتی عوام کے دلوں پر ہر گز نہیں لگا سکتی۔ عاطف اسلم، راحت فتح علی خان سمیت پاکستانی گلوکاروں کے چرچے آج بھی بھارت میں ہوتے نظر آرہے ہیں۔بھارتی موسیقار کے ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نت نئی بحث چھڑ گئی جہاں عاطف اسلم اور بھارتی گلوکار ارجیت کا موازنہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد بھارتی مداح عاطف اسلم کی حمایت میں بول پڑے۔ایک سوشل میڈیا صارف نے تو یہاں تک کہ دیا کہ ’کوئی راستہ نہیں ہے اگر عاطف اسلم کے لیے البم نہیں ہے تو سنگل گانا ہی گا دیں۔‘ ایک اور مداح نے امل کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ارجیت بھائی عاطف جیسا نہیں گا پائیں گے۔‘ جس پر امل نے جواب دیا کہ ’سب کا اپنا ٹیلنٹ ہوتا ہے مہربانی کر کےمنفی موازنہ نہ کریں۔‘واضح رہے کہ عاطف اسلم سمیت تمام پاکستانی فنکاروں پر پاک بھارت کشیدگی کے باعث پابندی عائد کی گئی تھی۔

تازہ ترین