• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسرت راشدی

بیسن کا شمار اگرچہ غذائی اشیاء میں ہوتا ہے، لیکن چہرے کے نکھار و دل کشی کے لیے بھی برس ہا برس سے اس کا استعمال عام ہے۔بیسن کی یہ خاصیت ہے کہ یہ جلد کو گہرائی تک صاف کر کے شاداب او رنکھرا نکھرا بنا دیتا ہے۔اس کے ذریعے جلد پر موجود میل اور گندگی با آسانی صاف کیا جاسکتا ہے۔بعض گھریلو نسخے چہرے کی شادابی اور اس کی صحت کے لیے ممدو معاون ثابت ہوتے ہیں، ا ن ہی میں بیسن بھی شامل ہے۔

اس کا استعمال کرنے سے پہلے یہ ضرور خیال رکھیں کہ کہیں بیسن پرانا اور موٹا پیسا ہوا تو نہیں ہے۔ اگر بیسن پرانا اور موٹا پیسا ہوا ہوگا تو اس سے آپ کی جلد پر خراشیں پڑسکتی ہیں۔

آج ہم آپ کو مختلف ساخت کی جلد کی مناسبت سے اس کا استعمال بتارہے ہیں۔

خشک جلد کے لیے

٭بیسن میں بادام کا تیل اور ہلکا سا پانی ڈال کر پیسٹ بناکر چہرے پر لگائیں اور 15منٹ بعد چہرہ دھو لیں۔

٭ بیسن میں ملتانی مٹی کا پائوڈر ملا کر پا نی میں مکس کرکے پیسٹ بنائیں اور چہرے پر لگائیں، یہ خشک جلد کے لیے بہترین ماسک ہے۔

٭ بیسن میں گندم کا آٹا اور دودھ ملا کر پیسٹ بنائیں، پھر چہرے پر لگانے کے کچھ دیر بعد اتار لیں، چہرہ جگمگا اٹھے گا۔

چکنی جلد کے لیے

چکنی جلد کے لئے بیسن کا پیسٹ نہایت پر اثر ثابت ہوتا ہے۔ جلد کو نرم وملائم اور چمکدار بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔ کسی کیمیائی اجزاء سے بھر پور فیس واش یا صابن استعمال کرنے کے بجائے بیسن کا استعمال کریں چہرہ نکھرا نکھرا نظر آئے گا۔

جو خواتین اپنی چکنی جلد سے پریشان ہیں، ان کے لیے یہ ٹوٹکے بے حد مفید ہوں گے۔

٭روزانہ چہرے کو بیسن سے دھونے سے جلد پر موجود چکناہٹ اور میل کچیل دور ہوجاتی ہے۔

٭بیسن میں ٹماٹر کا رس ملاکر چہرے پر لگائیں۔ تھوڑی دیر بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔جلد کی چکناہٹ جلد ختم ہوجائےگی۔

نارمل جلد کے لیے

٭ بیسن اور دودھ کا پیسٹ ملا کر لگانے سے نارمل جلد شاداب ہوجاتی ہے۔

٭بیسن میں چند قطرے عرقِ گلاب ملا کر ہلکا سا پانی ڈال کر پیسٹ بنائیں اور چہرے پر لگائیں۔ آپ کافی ترو تازگی محسوس کریں گی۔

کیل مہاسے اور دانوں کے لئے

دانے اور پھوڑے پھنسیاں جلد کی سطح پر گہرے بدنما داغ دھبے چھوڑ جاتے ہیں،پیمپلز کی شکار جلد انتہائی حساس ہو جاتی ہے۔ ۔ بیسن میں شہد کو اچھی طرح مکس کر کے پیسٹ بنالیں اور پورے چہرے پرلگائیں۔ خشک ہونے کے بعد پانی سے نہایت نرمی وملائمت کے ساتھ صاف کر لیں۔ آپ اسے روزانہ بھی لگا سکتی ہیں

تازہ ترین