• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تفہیم المسائل

سوال: ۔ اگر فجر کی نماز ہوچکی ہو تو جماعت کے بعد نماز کی ادائیگی اور رکعات ادا کرنے کا طریقہ بتادیں ،اسی طرح قضا نماز کی ادائیگی کا طریقہ بھی بتادیں۔

جواب:۔ نمازِ فجر کی جماعت ہوجانے کے بعد سورج طلوع ہونے سے پہلے پہلے فجر کی نماز اداکرلی جائے تو یہ ادا ہی کہلائے گی اور دو سنّت اور دو فرض پوری نماز پڑھی جائے گی ۔سورج طلوع ہوتے ہی مکروہ وقت کا آغاز ہوجاتاہے ،جو تقریباً بیس منٹ رہتاہے ، لہٰذا طلوعِ آفتاب کے بیس منٹ گزرنے کے بعد فجر کی نماز قضا پڑھی جائے گی اور وہی چار رکعات پوری پڑھی جائیں گی،حدیث پاک میں ہے :ترجمہ:’’نمازِ فجر کا اول وقت جب فجریعنی صبحِ صادق طلوع ہوجائے اور اس کا آخری وقت(یعنی اختتام) جب سورج طلوع ہوجائے، (سُنن ترمذی:151)‘‘۔علامہ ابوالحسین احمد بن محمد بن احمد بغدادی قدوریؒ لکھتے ہیں:ترجمہ:’’ فجر کا اول وقت فجرِ ثانی (یعنی صبحِ صادق)طلوع ہونا ہے اوروہ سفیدی جو اُفق پر پھیل جاتی ہے اور فجر کا آخر وقت آفتاب طلوع ہونا ہے ،(مختصرالقدوری ،ص: 57)‘‘۔قضانمازیں مکروہ اوقات (طلوع ِآفتاب کے بعد احتیاطاً بیس منٹ تک، نصف النہارشرعی( زوال ) اور غروبِ آفتاب سے قبل کے بیس منٹ ) کے علاوہ جب بھی فرصت ملے ، ادا کرتے رہنا چاہیے اور ہر وقت کی نماز کے ساتھ یعنی وقتی نمازسے پہلے یا بعد میں اس وقت کی نماز کی کم از کم ایک قضا پڑھ لیں اور نیت اس طرح کریں مثلاً فجر یا ظہر یا عصر یا مغرب یا عشاء اور وتر کی پہلی یا آخری نماز جو میرے ذمے باقی ہے ،اُسے بطور قضا اداکرتا ہوں ۔ نیت زبانی کرنا ضروری نہیں ہے، دل میں ارادہ کافی ہے۔

تازہ ترین