• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پاکستان عمران خان کے ہاتھوں میں غیر محفوظ ہے‘

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان عمران خان کے ہاتھوں میں غیر محفوظ ہے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اسد عمرپاکستان کےدیوالیہ ہونے کا بیان دےکر ملک دشمن قوتوں کو خوش کر رہےہیں، وزیرِ خزانہ کے بیان کے بعد کون یہاں سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان عمران خان کے ہاتھوں میں غیر محفوظ ہے۔

خواجہ سعدرفیق کامیڈیا سے گفتگومیں مزید کہناتھاکہ پاکستان کی باگ ڈور نااہلوں کے ہاتھ آگئی، پاکستان نہ پہلے دیوالیہ ہوا، نہ اب ہو گا، اسد عمر خود پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا اعلان کررہے ہیں، ان کا ایجنڈا کیاہے۔

خواجہ سعد رفیق نےکہاکہ موجودہ حکومت مہنگائی کرکے عوام کی چیخیں نکلوا رہی ہے،جو انہیں لے کر آئے، وہ بھی پچھتا رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا تھا کہ انہیں رُلاؤں گا، وہ ہر پاکستانی کو رُلا رہے ہیں، نئے پاکستان میں غریبوں کےلیے آہوں اور سسکیوں کے سوا کچھ نہیں ہے۔

سینئر رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سلمان رفیق نےکہاکہ موجودہ حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں100 فیصد اضافہ کردیا، غریب لوگ ادویات نہ ہونے کی وجہ سے مر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتےہوئے انہیں 18 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تازہ ترین