• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آپ جانتے ہیں کہ فینگشو ئی وہ علم ہے جو کسی بھی جگہ ہماری ذہنی اور جسمانی حالت میں بہتری لانے کا باعث بن سکتا ہے؟ وہ ہمارے کام کرنے کی جگہ بھی ہوسکتی ہے اور رہنے کی بھی۔ ہم فینگشوئی کے مطابق تبدیلیاں لا کر اپنی پیشہ ورانہ، مالی، جذباتی، گھریلو اور صحت کے مسائل کو حل کرکے ان میں بہتری لا سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے گھر میں مثبت توانائی کو پھیلانا اور منفی توانائی کو دور کرنا چاہتے ہیں تو درج ذیل تجاویز پر عمل کرنے پر غور کریں۔

ٹوٹی ہوئی اشیا سے چھٹکارا پائیں

فینگشوئی کا فلسفہ اِس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تمام ٹوٹی ہوئی اشیا کو پھینک دینا چاہیے کیونکہ یہ منفی توانائی لاتی ہیں یا مثبت توانائی کا راستہ روکتی ہیں۔ اگرچہ آپ ان کو تبدیل یا مرمت کرواسکتے ہیں، مگر اس فلسفے کے مطابق بہتر یہ رہتا ہے کہ آپ ان کو پھینک دیں اور نئے سرے سے شروعات کریں۔ کبھی کبھار یہ عمل پیچیدہ یا مشکل ہوتا ہے لیکن اگر آپ کے پاس کچھ ایسی سجاوٹی اشیا ہیں جو کہ ٹوٹ چکی ہیں تو ان کو پھینک دیں۔

ہوا کو اندر آنے دیں

تازہ ہوا کے لیے روزانہ کھڑکیوں کو کھولنا صحت و صفائی سے بڑھ کر ہے۔ یہ عمل گھر کو تازہ دم کرنے کے لیے بنیادی عنصر ہے۔ موسم ِ سرما میں بھی آپ کو کھڑکیوں کو روزانہ کھولنا چاہیے۔ پردے اور جھلملیاں (بلائنڈز) ہٹا کر سورج کی روشنی اور ہوا کو اندر آنے دیں۔ تازہ ہوا آپ کے گھر سے منفی توانائی کو ساتھ لے جاتی ہے۔

بہت ساری چیزیں جمع نہ کریں

ہمیں چیزیں اکٹھی کرنے کی عادت ہوتی ہے کیونکہ ہم ان کو اپنے آپ سے جدا کرنا نہیں چاہتے۔ لیکن ہم ایسا کیوں کرتے ہیں؟ یہ صرف چیزیں ہیں، جو کہ ہمارے سامنے ہیں، یہ جذبات اور گھر کی روحانیت کا رستہ روک سکتی ہیں۔ جب ہم ایک منظم گھر کی تصویر دیکھتے ہیں، جہاں ہر چیز اپنی جگہ پر موجود ہوتی ہے، بغیر کسی بد نظمی کے تو ہمیں مثبت توانائی اور سکون ملتا ہے۔ کیا آپ کو نہیں ملتا؟ آپ اس کا جواب بخوبی جانتے ہیں۔

سوسنِِ اُمیدلگائیں

پودے اور پھول ازخود تازہ دم کرنے والی توانائیاں ہیں، اس لیے ان کو گھر کا حصہ بنانا بہت ضروری ہے۔ اگرآپ گھر میں سوسن ِ اُمید بھی رکھ لیں گے تو اس کا آپ کو فائدہ ملے گا، خاص طور پر اگر آپ کے گھر میں نمی یا لیکیج کا مسئلہ ہے، کیونکہ اس پودے کو سورج کی روشنی کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی اوریہ مثبت توانائی کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ اس کی دیکھ بھال بھی آسان ہے۔

نمک

اگر آپ کسی نئی جگہ منتقل ہورہےہیں خصوصاً ایک ایسی جگہ جہاں پہلے بھی لوگ رہائش پذیر رہ چکے ہوں تو فینگشوئی یہ تجویز کرتا ہے کہ آپ گھر کے ہر کونے میں نمک کی ایک ایک چٹکی پھیلادیں۔ کھانے پینے کا یہ جزو پُرانے مکینوں کی منفی توانائی کوجذب کرلے گا۔ نمک ڈالنے کے48گھنٹوں کے بعد اسے پھینک دیں۔

شیشوں سے سجاوٹ کریں

اگر آپ کے گھر میں شیشے نہیں ہیں تو مزید وقت ضائع نہ کریں اور اپنے گھر میں شیشے لگائیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شیشے مثبت توانائی کو اپنی جانب کھینچتے ہیں اور ٹھیک سے سوچنے میں آپ کی مدد کرتے ہیں۔ یہ سجاوٹ کے لیے بھی بہت بہترین رہتے ہیں کیونکہ یہ روشنی کو منعکس کرتے ہیں اور کسی بھی جگہ کو بڑا لگنے میں مدد کرتے ہیں۔ یہ بہت سارے انداز اور ڈیزائن میں دستیاب ہیں۔ لیکن یہ مت بھولیں کہ آپ کو انھیں لگانےکے لیے درست جگہ کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ان کو گھر کے مرکزی دروازے یا خواب گاہ کے دروازے کے سامنے نہیں لگانا چاہیے، کیونکہ یہ مثبت توانائی کا راستہ بدل دیتے ہیں۔

شمال کی جانب رُخ کریں

ہمیں ہمیشہ شمال کی طرف دیکھنا چاہیے۔ پڑھائی، نیند یا کام کرتے وقت ہمارے سر کا رُخ ہمیشہ شمال کی طرف ہونا چاہیے۔ فینگشوئی کا کہنا ہے کہ اس سے توازن بہتر رہتا ہے کیونکہ ہم کائنات کی توانائی کے ساتھ ہم آہنگی میں چل رہے ہوتے ہیں۔ غالباً اب وقت آگیا ہے کہ آپ اپنے گھر کے فرنیچر کا رُخ شمال کی جانب کردیں۔ اس طرح آپ گھر کی ترتیب اور آرائش کو ایک نیا رنگ بھی دے دینگے اور مثبت توانائی کو بھی اپنے گھر کی جانب متوجہ کرلیں گے۔

گھر کے داخلے راستے کی اہمیت

مثبت توانائی کو گھر کے داخلی راستے سے شروع ہونا چاہیے۔ خاص طور پر اگر یہ جگہ تنگ ہو تو یہاں شیشہ لگانا نہ صرف جگہ کو روشن اور بڑا لگنے میں مدد دے گا بلکہ گھر کے آغاز سے ہی مثبت توانائی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ اسکے علاوہ داخلی راستے پر آرائشی اشیا اور پھول وغیرہ رکھیں تاکہ اس سے ایک اچھا احساس آئے اور دیکھنے میں بھی بھلا لگے۔ گھر کے بیرونی داخلی راستے کو بھی صاف ستھرا رکھیں۔

اگربتی اور اچھی خوشبوئیں

اگر بتی کی کئی خوشبوئیں دستیاب ہیں ۔ گھر کو اگر بتی کی کسی اچھی سی خوشبو سے معطر کرنے سے ماحول کی مجموعی توانائی اور سکون میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ آپ خوشبودار موم بتیاں یا ائیر فریشنر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ ان سے گھر زیادہ خوشگوار اورآرام دہ لگے گا۔

صفائی ستھرائی کریں

باقاعدگی سے صفائی کرنا گھر میں منفی توانائی کو روکنے اور گھر والوں کی مجموعی صحت و سلامتی کے لیے ضروری ہے ۔ گھر کی صفائی، جھاڑ پونچھ، برتن دھونے اور غسل خانوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔ کھانے کے بعد سالن اورمختلف غذائی اشیا والے برتن سِنک پر نہ چھوڑیں، بہتر یہ ہے کہ انھیں فوراً دھولیں۔ اس کے علاوہ واش روم کے دروازے کو ہمیشہ بند رکھیں۔

تازہ ترین