• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں اور جب سے ترکی کے ڈرامے ہماری ٹیلی ویژن اسکرینز پر اردو زبان میں نشر ہورہےہیں، ہماری ترکوںسے قربت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ جب آپ ان کے ڈراموں میں دل موہ لینے والی لوکیشنز اور شاندار گھروں کو دیکھتے ہیں تو آپ کے اندر بھی یہ خواہش جاگ اُٹھتی ہے کہ کیوں نہ اپنےگھر کو بھی ٹرکش انداز دیا جائے ۔ ٹرکش گھروں کی بات کی جائے تو ان گھروں  میں خوبصورتی اور عیش و آرام کےسامان کے ساتھ ساتھ سادگی کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جاتاہے۔ فنِ تعمیر کےآپ کو ایسے شاہکار نظر آتے ہیں جن کے خوبصورت اور پُر تعیش انداز کو دیکھ کر آپ پہلی ہی نظر میں فریفتہ ہوجاتے ہیں۔ اگر آپ اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں اور دل میں ٹرکش اپارٹمنٹ کا انداز اپنانے کا خیال آرہا ہے تو اس کیلئے کچھ مشورے حاضر ہیں۔

داخلی راستہ

ترکی کے اکثر گھروں میںاستقبالی تختی لگی ہوتی ہے، یہ کام آپ بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے داخلی حصے سے بہتر کوئی جگہ نہیںملے گی کیوں کہ یہ مہمانوں کے سامنے آپ کو اور آپ کی شخصیت کو عملی طور پر ظاہر کرنے کی جگہ ہے۔ اس طرح آپ ان کا ذوق اور خوبصورتی کے ساتھ استقبال کرسکتے ہیں۔ اگر آپ نے داخلی راستے میںجوتے یا پانی کی بوتلیں رکھنے کی جگہ بنائی ہوئی ہے تویہ چیزیں مہمانوں پر اچھا تاثر قائم نہیں کرتیں، اس لیے ان کو نظروں سے اوجھل رکھیں۔اس کے بجائے آپ اس جگہ کو خوبصورت قالین اور دیگر آرائشی اشیا سے سجا سکتے ہیں۔

ٹی وی کیلئے دیوار

جدید انٹیریئر ڈیزائنر ہمیشہ ٹی وی کی خاص جگہ متعین کرتے ہیں جب کہ اس کے تاروں اور آلات کو ترتیب سے رکھنے کا انتظام کرتے ہیں۔ اس جگہ کی خوبصورتی کو مزید بڑھانے کے لئے اس میں سجاوٹی اشیا کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ آپ کے ٹی وی لاؤنج کی چھت اگر سادہ ڈیزائن کی ہو تو یہاں روشنی کا بہترین انتظام کریں، ایسا کرنے سے اس جگہ کا ماحول یکسر بدل جائے گا۔

کچن اسٹائل

ٹرکش اپارٹمنٹ میں کچن کا ڈیزائن بہت عملی اور جدیدہوتا ہے۔ ڈیزائنر سے مشورہ لے کر ایک سیدھے سادے باورچی خانہ کا انتخاب کیا جاسکتاہے اور اس سلسلے میں تمام لوازمات جیسے کچن کے آلات، چھوٹی سی کھانے کی میز اور زرد رنگ کی کرسیوں کے ساتھ رکھے گئے کشن عمدہ تاثر دیتے ہیں۔ آپ کچن کو زیادہ مؤثر اور روشن بنا کر اسے گھر کا ایک عمدہ حصہ بنا سکتےہیں۔ اس کے علاوہ سفید اور سیاہ رنگوں کا خوبصورت ملاپ ایک دلکش اضافہ ثابت ہوتا ہے۔

شاہی انداز

ٹرکش اسٹائل میں سب سے اہم رہائشی کمروں کی آرائش ہوتی ہے۔ ترکی کے گھروں میں ہلکے کریم رنگ کا غلبہ زیادہ ہوتا ہے ،جو اکیلا ہی آپ کے گھر کو محل جیسا دلکش بناسکتا ہے۔ زیادہ تر ڈیزائن میں رہائشی کمرے اور کھانے کی میز کےدرمیان کھلی جگہ ہوتی ہے۔ اگر آپ کو پورے اپارٹمنٹ میں کریم رنگ سے بوریت ہورہی ہو یااس کی دلکشی بڑھانی ہوتو اس میں سبز رنگ یا اپنے پسند کے دیگر رنگوں کے شیڈ ز کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ڈرائنگ روم

آپ ڈرائنگ روم میں خوبصورت ڈیزائن کی لکڑی سے بنی ہوئی کھانے کی بڑی میز رکھ سکتے ہیں۔ کریمی رنگ کی نرم وگداز کرسیاں اور لٹکتے ہوئے بیضوی روشنی کے فانوس بھی ایک منفرد اسٹائل کے ساتھ ڈرائنگ روم کی رونق میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

ایک بہترین خواب گاہ

خواب گاہ اگر خوابنا ک ہے تو کیا ہی کہنے! ایک رومانوی ڈیزائن کے ساتھ،ایک پُر سکون آرام دہ اور دلکش ڈیزائن، جس میں ایک کریمی رنگ کا بیڈ اور اسی رنگ کی دیوار کے پسِ منظر کے ساتھ کمرے میں ایک فرحت بخش احساس پیدا ہوتا ہے۔ سادہ ڈیزائن کی چھت کے ساتھ مناسب روشنی کا انتظام کمرے کو روشن اور کشادہ ظاہر کر سکتاہے ۔ اس کے علاوہ سیاہ اور سفید رنگ سے مزین قالین کا ٹکڑا کمرے کو ایک جدید اور آرام دہ احساس دے سکتا ہے۔

تازہ ترین