• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی جیل میں قتل، پاکستانی ماہی گیر کی میت کراچی پہنچا دی گئی

بھارتی قید میں قتل ہونے والے پاکستانی ماہی گیر کی میت کراچی پہنچا دی گئی۔ ماہی گیر نورالامین کی میت گزشتہ روز واہگہ بارڈر پر حکام کے حوالے کی گئی۔

ماہی گیر نورالامین کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔ کچھ روز قبل نورالامین کو بھارتی جیل میں تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا تھا۔

پاکستانی ماہی گیر نورالامین کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر بھارت نے گرفتار کیا تھا لیکن2017ء میں سزا پوری ہونے کے باوجود پاکستانی ماہی گیر کو رہا نہیں کیا گیا، نورالامین 4 بچوں کے والد اور گھر کے واحد سربرارہ تھے۔

پاکستان فشر فورک فورم کے مطابق بھارتی جیلوں میں 150 پاکستانی ماہی گیر قید ہیں، تین ماہی گیر 20 سال سے قید ہیں جبکہ ایک ماہی گیر امیر حمزہ کینسر کا مریض ہے۔

دوسری جانب ماہی گیر تنظیمیں کہتی ہیں کہ نورالامین کو ممکنہ طور پر بھارتی جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

نورالامین اس سے قبل بھی 2010ء میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں، اس وقت 6 ماہ کی قید کے بعد انہیں جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر دیا کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں قید ایک پاکستانی شاکر اللہ کو جیل میں پتھر مار کر قتل کیا گیا تھا۔

تازہ ترین