• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’انسٹا گرام‘‘ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا سوشل میڈیا

انسٹا گرام سوشل فوٹو شیئرنگ سروس ہے، جہاں لوگ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر سکتے ہیں۔ انسٹا گرام کی مقبولیت ایک ارب صارفین کو چھو رہی ہے ۔ سیلیبرٹیز کا بھی یہ من چاہا فورم بن چکا ہے، جو انسٹا گرام کو اپنی مقبولیت کا پلیٹ فارم بنائے ہوئے ہیں۔ امریکی تحقیق کے مطابق ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب پہلے جبکہ انسٹاگرام دوسرے نمبر پر ہے۔ تاہم، ایک گھنٹہ طویل انسٹا گرام ویڈیو نے یو ٹیوب کو چیلنج کر دیا ہے۔ اس پر گانے بھی سنے جاسکتے ہیں اور گروپ ویڈیو چیٹ بھی ممکن ہے۔ انسٹا گرام جسے انسٹا بھی کہا جاتا ہے، فیس بک کی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ سوشل نیٹ ورکنگ سروس ہے، جسے کیون سسٹروم اور مائیک کریگر نے خاص طورپر IOSکے لئے 6اکتوبر 2010ء میں متعارف کروایا تھا اور پھر2 سال بعد اسے اینڈ رائڈ پر متعارف کروایا گیا۔ انسٹا گرام کی اصطلاح انسٹنٹ کیمرہ اور ٹیلی گرام کے سنگم سے وضع کی گئی ہے۔

انسانوں کے مابین اظہار کا پہلا پیمانہ تصاویر تھیں۔ غاروں میں بسنے والے انسانوں نے تصویری رسم الخط سے اظہار کا سفر شروع کیا، جس نے آگے چل کر مکمل تصویری صورت اختیار کرلی۔ انہیں تصویروں سے فن مصوری نے جنم لیا اور انیسویں صدی میں آکر ہم نے کیمرہ دیکھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ جدت آتی گئی تو تصاویر موبائل میں سما گئیں، بس موبائل کیمرہ آن کیا اور کلک کرکے موبائل ایپ کے ذریعے اپنے احباب سے انھیں شیئر کر دیا۔ بہت سی سوشل میڈیا سائٹس یا موبائل ایپس کے درمیان جگہ بنانے والا انسٹاگرام ، کیون سسٹروم (Kevin Systrom)کا پارٹ ٹائم پراجیکٹ تھا۔ اس وقت وہ کوڈنگ سیکھ رہے تھے جب ان کی ملاقات مائیک کریگر(Mike Krieger) سے ہوئی اور پھر دونوں نے مل کر انسٹا گرام کو حقیقت کا روپ دیا۔ کیون سسٹروم نے کیریئر کے آغاز میں گوگل میں مارکیٹنگ ایسوسی ایٹ پراڈکٹ منیجر کے طور پر کام کیا لیکن پھر ملازمت چھوڑ کر سوشل میڈیا سے جُڑ گئے۔ ’نیکسٹ اِسٹاپ‘ کے نام سے انھوں نے اپنا اسٹارٹ اَپ شروع کیا، پھر اسٹین فورڈ یونیورسٹی میں اسمبلنگ سسٹمز کی تعلیم کے دوران مائیک کریگر کے ساتھ کلاس کے لئے فوٹو شیئرنگ پراجیکٹ پر کام کیا۔ سسٹروم اور کریگر کے ذہن ملے تو انسٹا گرام نے حقیقت کا روپ دھار لیا اور اس طرح 6اکتوبر 2010ء کو انسٹاگرام کا آغاز ہوا۔ پہلے دن 25ہزار صارفین نے اسے دیکھا اور آج انسٹا گرام استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک ارب کے لگ بھگ ہے۔ انسٹاگرام پر پہلی تصویر کیون سسٹروم کے پالتو کتے ’ڈولی‘ کی تھی۔ انسٹا گرام کو خریدنے کی پہلی قیمت ٹوئٹر نے مارچ 2011ء میں لگائی لیکن سسٹروم نے فروخت کرنے سے انکار کر دیا، پھراپریل2012ء میں فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے ایک ارب ڈالر نقد رقم اور اسٹاک کی ہینڈ سم قیمت کے ساتھ اسے آزادانہ پلیٹ فارم کے طور پر چلانے کے وعدے اور ضمانت کے ساتھ خرید لیا۔ فیس بک کا جادو ہر وقت نہیں چلتا لیکن انسٹاگرام کا جادوہر وقت سر چڑھ کر بولتا ہے۔ اچھے سے کیپشن کے ساتھ کوئی بھی تصویر کھینچ کر لوگوں کو اپنی توجہ کا مرکز بنایا جاسکتا ہے۔ انسٹاگرام نے تصویر کی طاقت کو صحیح معنوں میں اُجاگر کیا ہے۔ تصویر سازی کے نئےزاویوں، خاص طور پر سیلفی جنون کو پروان چڑھانے میں آپ انسٹاگرام کی قوت کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔ تصویری خبروں میں سب سے جاندار پلیٹ فارم انسٹاگرام ہے، جس کی اثر پذیری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اندرونی ہلچل کے شکار ممالک نے انسٹاگرام پر پابندی عائد کر رکھی ہے کیونکہ اب تصویر کے ساتھ آواز اور اظہار بھی انسٹاگرام کا فیچر ہے۔ تصویر،ویڈیو اور گپ شپ کے آپشنز نے انسٹاگرام کو بھی فیس بک اور ٹوئٹر کے مقابل لاکھڑا کیا ہے۔ اب یہ آپ کی صوابدید ہے کہ تصویر سے اپنی موجودگی دکھائیں یا اظہار کے پھولوں سے خوشبو بکھیریں اور دل چاہے تو آواز کا جادو جگاکر دل کو لبھائیں۔

انسٹاگرام کی مقبولیت کا راز

انسٹاگرام کی کامیابی کے کئی اسباب ہیں، جن میں سے کچھ کا ذیل میں ذکر کیا جارہا ہے:

1-انسٹاگرام آپ کی عام تصویر کو فلٹرز کے ذریعے غیرمعمولی بنا دیتا ہے، جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ کسی ماہر فوٹو گرافر نے اس تصویر کو کھینچا ہے۔

2-لوگ لمبے لمبے ٹیکسٹ میسج سے بیزار ہوتے جارہے ہیں، اس لئے وہ ویڈیوز اور تصاویر دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ یہی انسٹاگرام کی بیس لائن اور کامیابی کا عوامی راز ہے۔

3-یہ استعما ل میں آسان اور مفت سوشل میڈیا ہے، جہاں آپ کسی بھی تصویر یا ویڈیو کو دیکھنے اور گپ شپ کرنے میں مکمل آزاد ہوتے ہیں۔ یہاں تصویر یا ویڈیو کو لائیک کرنا یا نہ کرنا کسی کو نہیں کھلتا۔

4-انسٹا گرام ایک چیز پر توجہ دیتا ہے، بجائے یہ کہ اتنی چوائسز موجود ہوں کہ آپ کے لئے یہ فیصلہ کرنا دشوار ہو جائے کہ’ اب کیا کروں؟ ‘۔

5-صارفین کے لئے اس میں کئی فن فیچرز اور اَپ ڈیٹنگ آپشنز موجود ہیں۔ اس طرح انسٹاگرام آپ کے لئے ہر قسم کی تفریح کا سامان لئے ہوئے ہے۔

6-اس میں بہت زیادہ الجھانے والے اشتہارات اور پاپ اَپ نہیں ہیں۔ آپ اپنی من پسند بات اور من چاہے لوگ اپنی مرضی سے کسی مداخلت کے بغیر دیکھ سکتے ہیں۔ انسٹاگرام کی یہ خوبی اسے دوسروں سے ممتاز کرتی ہے۔

7-یہاں آپ انتہائی بہترین بزنس پروفائل بنا کر پیسے بھی کما سکتے ہیں۔

تازہ ترین