• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف 70سالوں میں زراعت سے انڈسٹری تک، نہری نظام سے دریاؤں تک، پی آئی اے سے اسٹیل مل تک، جنگلوں سے ریگستانوں تک، ملک سے قوم تک، معاشیات سے اخلاقیات تک زمین پر ہر شے کا تیل نکال کر اب زیر زمین تیل کی باتیں، وہ وقت دور نہیں جب زیر زمین تیل کا تیل نکال کر ہم ہواؤں، خلاؤں کی باتیں کر رہے ہوں گے کیونکہ باتوں کے تو ہم دھنی۔

چینوٹ، رجوعہ، فروری 2015ءکی سہ پہر، تقریب جوبن پر، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف، وفاقی وزراء، روح رواں ڈاکٹر ثمر مبارک مند، بیورو کریٹ، ارکانِ اسمبلی، تاجر برادری، ملک بھر سے آئے صحافی، کون تھا، جو موجود نہ تھا؟ ایک اندازے کے مطابق تقریب پر 3کروڑ لگے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خطاب کیلئے تشریف لائے، چند ابتدائی کلمات، دو چار اِدھر اُدھر کی باتیں، پھر کہا ’’ہم لوہا تلاش کرنے نکلے، نکل آیا تانبا، سونا، اس سے بڑی اس دکھی قوم پر اللہ کی مہربانی اور کیا ہو سکتی ہے، یہ منصوبہ قوم و ملک کیلئے گیم چینجر، یہ منصوبہ غربت، بیروزگاری کو دفن کر دے گا، معدنیات کا ٹھاٹھیں مارتا یہ سمندر عوام کو خوشحالی دے گا، مائیک گراؤ پرفارمنس کے قریب پہنچ کر جب خادمِ اعلیٰ نے یہ اشعار پڑھے تو سماں بندھ گیا:

جب اپنا قافلہ عزم و یقیں سے نکلے گا

جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا

اے وطن کی مٹی! مجھے ایڑیاں رگڑنے دے

مجھے یقیں ہے کہ چشمہ یہیں سے نکلے گا

جادوگر لفظوں بھری تمہید، موقع برمحل شعر، حاضرینِ محفل کا جوش آسمانوں کو جا چھوا، ایسے تو خادمِ اعلیٰ نے تقریر نویس، تقریروں کو غالبؔ، جالبؔ، فیضؔ، اقبالؔ کے شعری تڑکے لگانے والے مشیروں کی فوج نہیں رکھی ہوئی تھی، یہ علیحدہ بات سب کچھ سرکاری خرچے پر، خیر خادمِ اعلیٰ محفل کو جذبوں کی آگ لگا کر ہٹے تو بڑے بھائی، وزیراعظم نواز شریف نے اسٹیج سنبھالا، چند ابتدائی جملوں کے بعد فرمایا ’’اگر ہماری نیت خراب ہوتی، نیت میں فتور ہوتا، ہم بے ایمان ہوتے تو جو خوشخبریاں یہاں مل رہی ہیں، یہ نہ ملتیں، دو چار اور جملے، پھر بڑے میاں کی منظر کشی بھی عروج پر پہنچی، کہنے لگے ’’اس دریافت کے بعد وہ کشکول جسے ہم نے توڑنے کا عزم کر رکھا ہے، اس کشکول کو کسی روز عوام، صحافیوں کے سامنے ٹی وی تقریب کے دوران اوپر سے نیچے پھینک کر توڑ دیں گے تاکہ آئندہ یہ کشکول استعمال کے قابل نہ رہے، اس روح پرور گفتگو کے بعد وہی ہوا، جو ہونا چاہئے تھا۔ تالیاں، نعرے، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے لیکن وہاں ناچتے، گاتے، خوشیاں مناتے کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ 3سال بعد جب میاں صاحب پاناما برکتوں سے رخصت ہوں گے تو میاں صاحب کا کشکول 15ہزار ارب کا قرضہ لے چکا ہو گا۔ذرا سی دیر کیلئے یہیں رک کر پہلے دو باتیں، ایک تو یہ تقریب ہو رہی چینوٹ سے 3کلومیٹر دور اس جگہ پر جہاں نواز، شہباز کے مطابق زیر زمین اتنا سونا، تانبا کہ دریا بہہ رہے تھے، بقول میاں برادران نہ صرف ڈاکٹر ثمر مند مبارک، ان کی ٹیم اس گیم چینجر دریافت کو Reconfirmکر چکی تھی بلکہ چین کے ماہرین اس عظیم خزانے کے ہونے پر مہرِ تصدیق لگا چکے تھے، دوسری بات جیسے ہی میاں برادران قوم کو خوشخبری سنا کر نکلے، پورا علاقہ سیکورٹی کے حصار میں آیا، بھانت بھانت کے ماہرین نے سونے سے بھری زمین پر ڈیرے جمائے، جنگل میں منگل ہوا مگر پھر یہ رونقیں ماند پڑتی گئیں اور چند ماہ بعد ایک دن وہ بھی آ پہنچا، جب وزیراعظم نواز شریف کے اپنے وزیر پٹرولیم، گیس اور معدنی ذخائر شاہد خاقان عباسی سے قومی اسمبلی میں سوال ہوا کہ ’’وہ چینوٹ کی زمین میں جو سونے، تانبے کے دریا بہہ رہے تھے، جن سے ملک و قوم کی تقدیر بدلنا تھی، ان کا کیا بنا‘‘ تو شاہد خاقان عباسی کا جواب تھا ’’وہ سب جھوٹ، وہاں سونے، تانبے کا نام و نشان تک نہ تھا، وہاں تو گھٹیا قسم کے کوئلے کی ایک قسم تھی اور بس‘‘، یوں یہ عظیم دریافت اپنی مو ت آپ مری، مزے کی بات نواز، شہباز کو معذرت کرنے کی توفیق ہوئی نہ ثمر مند مبارک، ان کی ٹیم، غیر ملکی ماہرین نے سوری کی اور تو اور وہاں تالیاں مار مار جھلے ہونے والے کسی وزیر، رکنِ اسمبلی، بیورو کریٹ، صحافی کو بھی یہ توفیق نہ ہوئی کہ میاں برادران سے پوچھ لیتا، جب آپ کا، ہمارا اس قسم کا کوئی مذاق ہی نہیں تھا تو یہ مذاق کیوں؟

مجھے آج یہ سب اس لئے یاد آرہا کہ ان دنوں قائدِ انقلاب عمران خان سمندر سے تیل و گیس کے ذخائر نکلنے کی ایڈوانس خوشخبریاں سنا رہے، پچھلے ماہ سینئر صحافیوں سے ملاقات میں فرمانے لگے ’’آگے تذکرہ نہیں کرنا، بس دو تین ہفتوں بعد تیل و گیس کے ذخائر نکلنے والے‘‘، چند دن بعد صحافیوں کی دوسری پارٹی ملی تو کپتان نے ذرا کھل کر یہی خوشخبری دہرا دی، دو چار دنوں بعد کنونشن سینٹر میں لائیو ٹی وی کیمروں کے سامنے قوم کو بھی بتا دیا۔ اب یہ چھوڑ دیں کہ 1963سے 2019تک، مطلب ایوب، بھٹو، ضیاء سے لیکر نواز شریف تک کم ازکم ڈیڑھ درجن بار سمندر سے تیل وگیس کے ذخائر کی خبر آ چکی، جھوٹی ثابت ہو چکی، اسے بھی رہنے دیں کہ سینڈک منصوبہ، ریکوڈک ذخائر، بلوچستان کے سونے سے بھرے پہاڑوں کی کہانیوں سے بھی کچھ حاصل وصول نہ ہوا، اس کا ذکر بھی کیا کرنا کہ ہمارے ہاں منصوبے شروع ہونے کے بعد ایسے تاخیر کا شکار ہوں کہ 6اکتوبر 1994کو وزیراعظم بے نظیر بھٹو اسٹیٹ بینک کی عمارت میں ہانگ کانگ کے سرمایہ کار گورڈن وو کو ساتھ بٹھا کر کہہ رہی تھیں ’’ہم 5ارب ڈالر کی لاگت سے کوئلے سے چلنے والے 5280میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والے 8پلانٹ لگا رہے، گڈانی کی ساحلی پٹی پر کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کا ہر یونٹ 660میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا، ایک گھنٹہ یہ تقریب اکلوتے پی ٹی وی پر براہِ راست دکھائی گئی، اس دن پاکستان کو وہ چھوٹا ایشین ٹائیگر بنا دیا گیا جو سب سے پہلے اکیسویں صدی کے سفر پر روانہ ہوا اور پھر وہ پہلا پلانٹ جس نے مقامی کوئلے سے سستی بجلی دسمبر 1997میں پیدا کرنا تھی، وہ پلانٹ چلا 22سال بعد ابھی 2019میں، باقی 7پاور پلانٹ اور 4ارب 22کروڑ ڈالروں کا کیا بنا، کچھ پتا نہیں۔لیکن ان سب بدشگونیوں کے باوجود دل وجان سے یہ دعا کہ اس بار عمران خان کی بات سچ نکلے، کم ازکم اسد عمر کے ہاتھوں قوم کا تیل نکلنے سے پہلے سمندر سے ہی تیل نکل آئے، مگر کیا کریں، کوئی فلاحی منصوبہ ہو، عوامی بہبود کا کوئی پروجیکٹ ہو، کسی زیر زمین چھپے خزانے کی خوش خبری ہو، اتنی بار لٹ چکے، اتنی بار جھوٹ سن چکے، اتنی بار یہ ہو چکا کہ سچ بھی جھوٹ لگے، ویسے میں اکثر سوچوں کیا وجہ ہمارے حکمرانوں کے ذاتی کاروبار تو ہمیشہ ان کیلئے گیم چینجر، ان کی تو ہر دریافت سچ نکلے، ان کے تو خسارے بھی فائدے مگر جب بات ہو ملک کی تو سوئی گیس ذخائر سے سی پیک تک رولے ہی رولے، گوادر سے گڈانی تک پھڈے ہی پھڈے، خیبر سے کراچی تک جھوٹ ہی جھوٹ، شاید نیت بد، منزل کھوٹی، شاید ہمارے نصیبوں کا ہیر پھیر، مگر بات پھر وہی کہ 70سالوں میں زراعت سے انڈسٹری تک، نہری نظام سے دریاؤں تک، پی آئی اے سے اسٹیل مل تک، جنگلوں سے ریگستانوں تک، ملک سے قوم تک، معاشیات سے اخلاقیات تک زمین پر ہر شے کا تیل نکال کر اب زیر زمین تیل کی باتیں، وہ وقت دور نہیں جب زیر زمین تیل کا تیل نکال کر ہم ہواؤں، خلاؤں کی باتیں کر رہے ہوں گے، کیونکہ باتوں کے تو ہم دھنی۔

تازہ ترین