کراچی کے علاقے شیرشاہ میں گل بائی کے فلائی اوور پر الٹنے والے ڈیزل ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
آگ لگنے سے فلائی اوور کے نیچے گودام، 5 گاڑیاں اور 2 موٹر سائیکلیں متاثر ہوئیں، جبکہ فلائی اوور کے نیچے قائم اسپتال کے یونٹ کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے، شیر شاہ فلائی اوور کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
شیر شاہ فلائی اوور سے نیٹی جیٹی جانے والا ڈیزل ٹینکر کنٹینر سے لدے ٹرک کو اوور ٹیک کرتے ہوئے الٹ گیا، حادثے کے بعد آئل ٹینکر 2 حصوں میں ٹوٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
حادثے کے بعد ڈیزل ٹینکر اور ٹرالر کے ڈرائیور فرار ہو گئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
آگ پر ساڑھے 3 گھنٹے سے زائد وقت کی جدو جہد کے بعد قابو پالیا گیا، آگ بجھانے میں پاکستان ایئر فورس کے 2 فائر ٹینڈرز سمیت 9 فائر ٹینڈرز، 4 واٹرباؤزرز اور فوم کی 2 گاڑیوں نے حصہ لیا اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔
چیف فائر آفیسر تحسین احمد کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع صبح 7 بجے اطلاع ملی تھی۔
ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے حادثے کی جگہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹینکر کو موڑتے وقت حادثہ پیش آیا، لاک ٹوٹ جانے کے باعث گاڑی کا انجن ٹینکر سے الگ ہو گیا، حادثے کے فوری بعد ٹریفک کو پل پر روک دیا گیا۔
حادثے کے بعد متعدد موٹر سائیکل سوار پھسل کر گر پڑے۔
پولیس کے مطابق آئل ٹینکر نمبر ٹی ایل این 895 کے مالک کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ اس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کو نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر ٹریفک پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ گلبائی پل کے نیچے سے گزرنے والے تمام راستے کھول دیے گئے ہیں، البتہ گلبائی پل کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق حادثے کے شکار ٹینکر کے اگلے حصے کو لفٹر کی مدد سے ہٹا دیا گیا ہے، تاہم ٹینکر کے اندر اب بھی ڈیزل موجود ہے۔
ٹریفک پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ٹینکر کو ہٹانے کے بعد پل پر مٹی ڈالی جائے گئی، شہریوں کے لیے متبادل روڈ پلان تیار کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے حکام نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ متبادل راستہ استعمال کریں۔
بعض اطلاعات کے مطابق بعض مقامی افراد کو ٹینکر سے بہنے والا ڈیزل بھی ڈبوں میں بھرتے دیکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 سال قبل پنجاب کےشہر احمد پور شرقیہ میں پیش آنے والے حادثے میں آئل ٹینکر الٹنے سے گرنے والے پیٹرول نے آگ پکڑ لی تھی، اس حادثے کے نتیجے میں تقریباً 200 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔