• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوپیٹر آئی لینڈ، فلوریڈا میں موجود ٹائیگر ووڈز کا گھر دیکھ کر آپ عش عش کراُٹھیں گے۔ سمندر کے سامنے 12ایکڑ پر مشتمل گرائونڈ اور 9ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل یہ گھر ٹائیگر ووڈز اور اس کی سابقہ اہلیہ ایلن نورڈرن نے 2006ء میں 40ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ اس سے قبل ٹائیگر ووڈز نے ونڈرمیئر فلوریڈا میں بھی گھر خریدا تھا لیکن یہ گھر جوپیٹر آئی لینڈ پر بنے گھر کا عشرِعشیر بھی نہیں تھا۔ بڑے لوگوںکی بڑی باتوں کے مصداق، جوپیٹر آئی لینڈ پر موجود اپنے گھر کی ٹائیگر نے ازسر نو تعمیر کروائی تھی تاکہ اپنی رہائش کو نیا انداز دے سکے۔

ٹائیگرووڈز نے 2010ء میں اپنی بیوی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور اسی سال اپنے گھرکو مسمار کرواکر اس کے عقبی حصے میں گولف کی پریکٹس کا سامان کیا تھا۔ بحرِ اوقیانوس کے ساحل پر بنے اس گھر اور پریکٹس فیسیلیٹی کو وہاں جانے والے بآسانی ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ بلاشبہ یہ کسی کے بھی خوابوں کے گھر سے بڑھ کر ایک گھر ہے۔

ٹائیگر نے اس گھر میں 2011ء میں رہائش اختیارکی۔ اپنی ویب سائٹ پر ایک بلاگ کے ذریعے ٹائیگر نے نہ صرف اس پریکٹس فیسیلیٹی کا ذکر کیا بلکہ یہاں رہائش پذیر ہونے کا اعلان بھی کیا، ساتھ ہی انھوں نے یہ دعویٰ کیا کہ یہ خود ان کا ڈیزائن کردہ ہے۔ ٹائیگر کا کہناہے ، ’’ اپنی ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہوئے میں نے ایک چھوٹے گیم والی فیسلیٹی خود اپنی نگرانی میں تیار کروائی۔ ا س میں 4گرینز(greens) اور 6 بنکرز ہیں ، جس میں مختلف اقسام کی ڈھلان اور مٹی ہے، اس میں ایک ویڈیو سینٹر اور ایک پُٹنگ اسٹوڈیوبھی ہے۔ اگرہوا نہ چل رہی ہوتو سب سے لمبے کلب سے میں 7-ironہٹ کرسکتاہوں۔ایک سیٹ اپ ایسا بھی ہے کہ میں اپنی دوسری منزل سے بھی شاٹ لگا سکتا ہوں‘‘۔

اس گھراور گولف فیسیلیٹی کی دیگر خصوصیات بھی ہیں جیسے کہ:

4■ گرین ایریا ز مختلف نشیب و فراز والے ہیں، جن کو ٹرف گراس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے خوبصورت بنایا گیاہے۔

■فیسیلیٹی کے ارد گرد مختلف اقسام کے ٹرف لگائے گئے ہیں تاکہ مختلف حالات میں گیم کھیلا جاسکے۔

■ ٹرف کو دونوں اطراف کی ہواکے حساب سے بنایا گیا ہے اور اس کی غیر ہموار اونچائیاں مختلف مقامات پر موجود ہیں۔

■ا س میں ایک شگافی رینج (wedge range)بھی ہے، جو کھیلنے والوں کو150گز یا اس سے کم کے امکانی شاٹ کی پریکٹس کا تجربہ فراہم کرتی ہے ۔

جیو پیٹر آئی لینڈ دراصل دنیا کا سب سے مہنگا علاقہ ہے، جہاں عالمی سطح پر مشہور اور امیرترین افراد رہائش پذیر ہیں۔ یہاں پر گھروں کی قیمت 2ملین ڈالر سے لے کر65ملین ڈالر تک ہے۔ جوپیٹر آئی لینڈ پر ٹائیگر ووڈز کے علاوہ بل گیٹس، سیلین ڈیون اور گریگ نارمن کے پرتعیش گھر بھی موجود ہیں۔

40ملین ڈالر کا گھر خریدنے کے بعد ٹائیگر نے اس پر مزید15ملین ڈالر خرچ کیے ہیں۔ اس گھر میں تین بیڈ روم سوئٹس کے علاو ہ ماسٹر باتھ والا ماسٹر بیڈروم بھی ہے جبکہ جِم، میڈیا روم، بیسمنٹ اور ایلویٹر بھی موجود ہیں۔ اس کےعلاوہ اس گھر میں ایک علیحدہ گیسٹ ہائو س اور گیراج بھی ہے ۔ مزید یہ کہ ٹائیگر ووڈ ز ساحل سمندر پر کشتی رانی کا بھی مظاہرہ کرتے ہیں۔

2013ء میں خبریںآئی تھیں کہ جوپیٹر آئی لینڈ پر واقع ٹائیگر ووڈز کا گھر ڈوبنے والا ہے، جس کی وجہ یہ تھی کہ فلوریڈا کی مٹی گھر کی بنیادوں کو سہارنے میں بہتر نہیں ہے۔ ٹائیگر نے جب گھر کی دیواروں پر پڑنے والی دراڑوں، آپس میں پیوست ہوتے دروازوں یا دروازوں کے کھسکتے ہوئے فریموں پر غور کیا تو فوراً ہی انجینئرز کو بلا یا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ گھر کی بنیادوں کو مزید گہرا کرکے مضبوط کیا جائے اور پھر اس طرح ٹائیگر ووڈز کو مرمت کے اس جوکھم والے مرحلے سے گزرنا پڑا۔

اس سے قبل 1996ء میں انھوں نے وِنڈر میئر، فلوریڈا میں آئلورتھ گولف کمیونٹی کے مضافات میں2.4ملین ڈالر میں گھر خریدا تھا۔ ٹائیگر ووڈز نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے اپنے پڑوسی کے درخت میں ٹکر ماری تھی اور پھر اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ تب اس کے گھر کی نیوز ٹی وی پر چلنے کی وجہ سے اس کی قیمت میں اضافہ ہوگیا تھا۔ یہ گھر آئلورتھ کنٹری کلب کی ڈرائیونگ رینج میں ہے، یہ گھر بھی ساحل سمندر سے ملا ہواہے اور یہاں پر ٹائیگرووڈز کی فیملی کشتی رانی کرتی تھی ۔ گھر کے پیچھے ایک شاند ار سوئمنگ پول موجود ہے۔ 

تازہ ترین